سرینواسپور میں کنک داس جینتی، صحافیوں نے پیش کیا خراجِ عقیدت
مساوات اور بھائی چارے کے پیغام کو عملی زندگی میں اپنانے پر زور
سرینواسپور 27 نومبر (شبیر احمد)
سرینواسپور تعلقہ ورکنگ جرنلسٹس یونین کے زیرِ اہتمام شہر کے صحافیوں کے بھون میں معروف سنت اور شاعر کنک داس کی جینتی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔یونین کے تعلقہ صدر سی۔ ناگراج کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں کنک داس کی تصویر پر پھول نچھاور کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر مقررین نے کنک داس کی ادبی خدمات، بھکتی شاعری اور سماجی اصلاح کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تخلیقات اور کیرتنوں کے ذریعے سماج میں مساوات، انسانیت، بھائی چارے اور بھکتی کا پیغام عام کیا۔ ان کے افکار و نظریات آج بھی سماج کے تمام طبقات کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کنک داس کے پیغامات اور اصولوں کو محض جینتی تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ سماج میں مساوات، باہمی احترام، انسانی اقدار اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔اس موقع پر کولار ضلع ورکنگ جرنلسٹس یونین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن بی۔ کے۔ اپیندر، تعلقہ یونین کے خازن ایس۔ لکشمن بابو، نائب صدر ایس۔ ایچ۔ نارائن مورتی، وجئے کرناٹک کے صحافی چودپا اور یونین کے رکن کشور موجود تھے۔
Post a Comment