سلیم احمد اور جی ایس پاٹل کی گورنر سے ملاقات، خواتین پارلیمنٹیرینز کانفرنس کی دعوت
بنگلورو میں دو روزہ کانفرنس 17 اور 18 نومبر کو، تقریباً 200 مندوبین شریک ہوں گے
بنگلورو، 7 نومبر (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ خواتین پارلیمنٹیرینز (سی ڈبلیو پی) انڈیا ریجن کانفرنس 2026 کے اختتامی اجلاس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دینے کے لیے کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر جی ایس پاٹل اور کرناٹک قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد نے آج لوک بھون میں گورنر ڈاکٹر سدھا یادو سے ملاقات کی اور انہیں مشترکہ دعوت نامہ پیش کیا۔کرناٹک قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اشتراک سے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے) کے انڈیا ریجن کے تعاون سے 17 اور 18 نومبر کو بنگلورو میں دو روزہ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’صنفی حساسیت کے حامل پارلیمانی ادارے اور عصرِ حاضر کے صنفی مسائل‘‘ (Gender Sensitive Parliaments and Contemporary Gender Related Issues) ہوگا۔اسپیکر اور چیئرمین نے گورنر کو کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان میں پہلی مرتبہ کامن ویلتھ خواتین پارلیمنٹیرینز کی اس نوعیت کی کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے اور اس کی میزبانی کا اعزاز کرناٹک کو حاصل ہوا ہے، جو ریاست کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اہم کانفرنس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ، مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی قانون ساز اسمبلیوں اور کونسلوں کی خواتین عہدیداروں اور ارکان کے علاوہ لندن میں قائم کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں مجموعی طور پر تقریباً 200 مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔کانفرنس کے دوران پارلیمانی جمہوریت میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے اور صنفی حساسیت پر مبنی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے موضوعات پر ورکشاپس اور مختلف اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ ان نشستوں میں پارلیمانی اداروں میں خواتین کی مؤثر نمائندگی، فیصلہ سازی میں ان کے کردار اور عصرِ حاضر کے صنفی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران اسپیکر جی ایس پاٹل اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد نے گورنر ڈاکٹر سدھا یادو سے کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی۔
Post a Comment