Noor Salma Wins Silver at State Karate Championship دیونہلی کے مقابلوں میں نور سلمیٰ کی شاندار کارکردگی

ریاستی کراٹے مقابلوں میں نور سلمیٰ کو دوسرا مقام

جنگم کوٹے کی طالبہ کی سلور میڈل جیت، ضلع کا نام روشن

سدلگٹہ، 27 نومبر (تمیم پاشاہ)

 ریاستی سطح کے کراٹے مقابلوں میں جنگم کوٹے کی ہونہار طالبہ نور سلمیٰ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا اور اپنے تعلقہ سدلگٹہ کے ساتھ چکبالاپور ضلع کا نام روشن کیا۔بنگلورو دیہی ضلع کے دیونہلی میں منعقدہ 14 سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کے ریاستی سطح کے کراٹے مقابلوں میں شری جیوتی انگلش اسکول، جنگم کوٹے کی طالبہ نور سلمیٰ نے لڑکیوں کے 38 کلوگرام زمرے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔واضح رہے کہ جنگم کوٹے میں لڑکیوں کو خود کے دفاع کے قابل بنانے اور انہیں کراٹے کی تربیت فراہم کرنے کے مقصد سے بی ایچ صابو لال نے ایم کراٹے اکیڈمی قائم کی ہے، جہاں متعدد لڑکیوں کو باقاعدہ تربیت دی جارہی ہے۔ اس اکیڈمی کے ذریعے لڑکیوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور خود حفاظتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔نور سلمیٰ کی اس کامیابی پر کراٹے ماسٹر محمد عنایت اللہ، ایس نور اللہ اور شری جیوتی انگلش اسکول کے سرینواس نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت، لگن اور بہترین کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نور سلمیٰ آئندہ قومی سطح کے مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرکے سدلگٹہ تعلقہ اور چکبالاپور ضلع کا نام روشن کریں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے طالبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

0/Post a Comment/Comments