No Moral Right to Politicise ASHA Protest: Shivakumar to NDA احتجاج ختم کریں، مسائل حل ہوں گے: شیوکمار کی اپیل

آشا کارکنوں پر سیاست کا اخلاقی حق نہیں: شیوکمار

مرکز کے اعزازیہ میں اب تک ایک روپیہ اضافہ نہیں

بنگلورو، 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)

 وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے آشا کارکنوں کے احتجاج اور ان کے مطالبات پر این ڈی اے رہنماؤں کے بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آشا کارکنوں کے بارے میں بات کرنے کا اخلاقی حق ان رہنماؤں کو نہیں ہے۔ اگر انہیں واقعی آشا کارکنوں کی فکر ہے تو انہیں مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کرنے کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔جمعہ کو کینگئیری کے بی جی ایس میدان کے قریب صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب تک آشا کارکنوں کے اعزازیہ میں ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں کیا، جبکہ ریاستی حکومت نے ان کے اعزازیہ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت آشا کارکنوں کے معاملے میں سیاست نہیں کرنا چاہتی۔ ان کے مطابق آشا کارکنوں کی اسکیم سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے دور میں شروع کی گئی تھی اور کانگریس حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔احتجاج ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کئی آشا کارکنوں نے فون اور پیغامات کے ذریعے ان پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ اپنے فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آشا کارکنوں کے درمیان اختلافات پیدا نہیں کرنا چاہتے، اسی لیے اس معاملے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ حکومت ان کی مشکلات سے واقف ہے اور ان کے مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

شیوکمار نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے، تاہم آشا کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی خدمات جاری رکھیں اور حکومت کو ان کے مطالبات پر غور کرنے کا موقع دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی فیصلے کے لیے لازمی طور پر دستخط کرنے پر اصرار کیا گیا تو ایسا ممکن نہیں ہوگا، البتہ اگر کارکنان ان پر اعتماد رکھیں تو وہ ان کی مدد ضرور کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آشا کارکن ان کی بہنوں کی مانند ہیں اور حکومت کو ان کی فلاح و بہبود کی پوری فکر ہے۔ سیاسی جماعتیں اس معاملے پر سیاست کرنا چاہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن ان کے لیے اس مسئلے کو سیاسی رنگ دینا ضروری نہیں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام متعلقہ افراد کو بلاکر بات چیت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔انتخابی منشور میں آشا کارکنوں کے اعزازیہ میں اضافے کے وعدے سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کانگریس نے اپنے منشور میں جو وعدہ کیا ہے، اسے پورا کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے این ڈی اے رہنماؤں کو چیلنج کیا کہ وہ مرکزی حکومت پر اپنے حصے کی مالی امداد میں اضافہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔

0/Post a Comment/Comments