اسلام امن، مساوات اور رواداری کا پیغام دیتا ہے: جسٹس گوپال گوڑا
سٹی جامع مسجد بنگلورو میں خطاب، آئین کے تحفظ پر زور
بنگلورو 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک ہائی کورٹ کے سابق جج اور سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس گوپال گوڑا نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خوشحالی، ترقی اور جمہوری استحکام کا انحصار اس کے آئین کے تحفظ اور اس میں درج بنیادی اقدار کی پاسداری پر ہوتا ہے۔ ہندوستانی آئین کے تحفظ اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں مسلمانوں کا کردار روزِ اول سے ہی اہم رہا ہے۔ بنگلورو کی سٹی جامع مسجد میں آج بعد نماز جمعہ ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید اسلام کی مقدس کتاب ہے، جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے نازل کی گئی ہے۔ یہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والا ضابطۂ حیات ہے۔ قرآنِ مجید انسانیت، عدل و انصاف، مساوات، بھائی چارے، باہمی احترام اور انسانی حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن، رواداری، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کا پیغام دیتا ہے۔ ہر انسان کو یکساں عزت اور حقوق فراہم کرنا اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہے۔ انسانی اقدار کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں مسلمانوں کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

جسٹس گوپال گوڑا نے ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی میں مسلمانوں کی قربانیوں اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کے لیے مسلم رہنماؤں، علمائے کرام اور عام شہریوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے ملک کی وحدت، سالمیت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے بھی مسلسل جدوجہد کی ہے۔انہوں نے دستورِ ہند کی تشکیل کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کو ایک مضبوط اور جامع آئین کی ضرورت تھی۔ اسی مقصد کے تحت 29 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کی مسودہ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے ملک کے مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 26 جنوری 1950 کو ہندوستانی آئین نافذ ہوا اور ملک ایک خودمختار جمہوریہ بن گیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی آئین تمام شہریوں کو مساوات، آزادی اور انصاف کے ساتھ مذہبی آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، اس کی تبلیغ اور پیروی کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان آئینی حقوق کا تحفظ ہر ہندوستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین محض قوانین کی ایک کتاب نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری کے حقوق کا محافظ ہے۔ یہ غریبوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور کمزور طبقوں کو انصاف فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اس لیے ہر شہری کو آئین کی روح اور اس کے بنیادی اصولوں کا احترام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو باہمی تعاون، اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ذات، مذہب، زبان اور علاقائی وابستگی کی بنیاد پر امتیاز کے بجائے ہر شہری کو یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔جسٹس گوپال گوڑا نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ آئین کا تحفظ دراصل جمہوریت کا تحفظ ہے اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے جیسے آئینی اصولوں کو صرف الفاظ تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی میں بھی اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی حقیقی خوشحالی، امن اور ترقی آئین کے تحفظ اور اس کی روح پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔ آئین کا احترام اور اس کے بنیادی اصولوں کی حفاظت ہر ہندوستانی کا اہم قومی فریضہ ہے۔اس موقع پر سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام ڈاکٹر مولانا مفتی مقصود عمران رشادی، سلام سنٹر کے حامد محسن، جامع مسجد و مسلم چیریٹیبل فنڈ ٹرسٹ کے یونس محمد سیٹھ، نورالامین انور، جے شفیع اللہ کے علاوہ دیگر عہدیداران و ذمہ داران موجود تھے ۔
Post a Comment