فرحت آباد میں ’پرتیبھا کارنجی‘ ادبی و ثقافتی میلہ منعقد
طلبہ میں لسانی و تعلیمی کتابیں تقسیم، سنسکرت نظم نے سب کو متاثر کیا
گلبرگہ، 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)
فرحت آباد اردو ہائر پرائمری اسکول میں اردو کلسٹر کے زیر اہتمام ’پرتیبھا کارنجی‘ ادبی و ثقافتی میلے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں طلبہ و طالبات نے اپنی ادبی، ثقافتی اور تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب کے فروغ اور طلبہ میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کی غرض سے تعلیمی و لسانی موضوعات پر مشتمل قیمتی کتابیں تقسیم کی گئیں۔اس پروگرام میں اردو کے محب اور متحرک سماجی کارکن خواجہ فریدالدین انعامدار نے اپنے فرزند، سرکاری ایوارڈ یافتہ نوجوان خواجہ سراج الدین انعامدار کے ہمراہ شرکت کی۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر مشتمل کتابیں بطور تحفہ پیش کیں۔تقریب کے دوران قائم مقام ای سی او، مہمانِ خصوصی جناب اے ڈی باشاہ، میر معلم یو پی گریڈ اسکول ہیراپور، گلبرگہ، جناب عثمان باشاہ معلم اور افشاں انجم سی آر پی موجود تھے۔تقسیم کی جانے والی کتابوں میں پرائمری اور ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے اردو و انگریزی گرامر، اردو سے کنڑا سیکھنے کی کتابیں اور اردو قواعد حصہ اول و دوم کے علاوہ کنڑا و انگریزی گرامر کی کتابیں شامل تھیں۔ ان کتابوں کی فراہمی کا مقصد طلبہ کی لسانی استعداد میں اضافہ اور مختلف زبانوں میں ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔پروگرام کی ایک خاص کشش جماعت دوم کی طالبہ افسرہ کی سنسکرت زبان میں نظم خوانی رہی۔ ندی شنور لوور پرائمری اسکول، گلبرگہ جنوب سے تعلق رکھنے والی اس طالبہ نے اپنی بہترین پیشکش سے حاضرین کو متاثر کیا۔ اس کی صلاحیتوں نے یہ ثابت کردیا کہ اردو میڈیم کے طلبہ و طالبات بھی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں کسی سے کم نہیں ہیں، بشرطیکہ انہیں مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔پروگرام کے اختتام پر سی آر پی افشاں انجم نے تمام مہمانوں، منتظمین اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ اردو زبان کے فروغ، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کامیاب رہی۔
Post a Comment