بنگلورو میں تانیثی ادب اور مطالعاتِ نسواں پر خصوصی نشست
پروفیسر آمنہ تحسین 10 نومبر کو انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کریں گی
بنگلورو 7 نومبر (حقیقت ٹائمز)
انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ اور محفلِ نساء بنگلور کے اشتراک سے اردو میں مطالعاتِ نسواں اور تانیثی ادب کے موضوع پر ایک خصوصی نشست بعنوان ’’ایک ملاقات‘‘ منعقد کی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں معروف محققہ اور مطالعاتِ نسواں کی معتبر آواز پروفیسر آمنہ تحسین اظہارِ خیال کریں گی، جو شعبۂ مطالعاتِ نسواں، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد سے وابستہ ہیں۔ یہ پروگرام 10 نومبر 2026، بروز منگل، صبح 11 بجے انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ، فرسٹ کراس، 13 L/ سیکٹر 14، بی بی ایم پی پارک کے روبرو، جیون بیمہ نگر، بنگلورو میں منعقد ہوگا۔نشست میں اردو زبان و ادب میں مطالعاتِ نسواں کی اہمیت، تانیثی ادب کے فکری و تحقیقی پہلوؤں اور اس میدان میں ہونے والی علمی و ادبی پیش رفت پر گفتگو متوقع ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو پروفیسر آمنہ تحسین کے خیالات سے استفادہ کرنے اور ان سے براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع بھی حاصل ہوگا۔انڈیا اردو انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر م ن سعید اور محفلِ نساء کی صدر ڈاکٹر شائستہ یوسف نے اہلِ علم، ادیبوں، دانشوروں، محققین اور اردو ادب سے دلچسپی رکھنے والے تمام افراد سے اس پروگرام میں شرکت کی مؤدبانہ اپیل کی ہے۔پروگرام میں شرکت کی توثیق اور مزید معلومات کے لیے 9845281751 اور 9243083204 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
Post a Comment