وزیر اعلیٰ شیوکمار کی رہائش گاہ اور ودھان سودھا کو بم کی دھمکی
آٹو ڈرائیور کے فون سے دھمکی دینے والا بیس سالہ کارتک گرفتار
بنگلورو، 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی بنگلورو کے سداشیو نگر میں واقع رہائش گاہ اور ریاستی اسمبلی کی عمارت ودھان سودھا میں بم نصب کیے جانے کی دھمکی دینے کے معاملے میں پولیس نے کارتک آر نامی نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر نمّا یاتری (Namma Yatri) ایپ کے ذریعے آٹو بک کیا اور آٹو ڈرائیور کے موبائل فون سے پولیس کو بم دھماکے کی دھمکی دی تھی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ۵ نومبر کو پیش آیا تھا، تاہم معاملہ اب منظرِ عام پر آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے آٹو ڈرائیور بھگوانت رائے کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے قریب پولیس بیریکیڈ کے پاس پہنچنے کی ہدایت دی تھی۔ ڈرائیور جب مقررہ مقام پر پہنچا تو اس نے ملزم کو فون کرکے اپنی آمد کی اطلاع دی۔ اس دوران ملزم نے اسے وہاں موجود پولیس اہلکار کو اپنا موبائل فون دینے کے لیے کہا۔آٹو ڈرائیور نے ہدایت کے مطابق اپنا موبائل فون پولیس اہلکار کے حوالے کردیا۔ فون پر بات کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور ودھان سودھا میں بم نصب کیے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے دھماکے کی دھمکی دی۔ اس نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کے قافلے کی آمد و رفت کے دوران دھماکہ ہوگا۔
دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور اطراف کے علاقوں میں تلاشی مہم چلائی۔ تاہم دستیاب اطلاعات میں کسی دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔واقعے کے بعد آٹو ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ اس کا دھمکی دینے والے شخص سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ محض ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی بکنگ کے مطابق مسافر کو لینے پہنچا تھا۔ اس نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے نمّا یاتری ایپ کی بکنگ کی تفصیلات بھی پولیس کے حوالے کیں۔اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے ۷ نومبر کو سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد عدالتی اجازت حاصل کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات آگے بڑھائیں۔پولیس نے آٹو بکنگ کی تفصیلات، موبائل فون کال اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق ملزم کی عمر ۲۰ سال ہے اور وہ بیاڈرہلی کے بالاجی نگر کا رہنے والا ہے۔ پولیس اس کی ذہنی کیفیت اور دھمکی دینے کے اصل مقصد کے بارے میں بھی تحقیقات کررہی ہے۔اس واقعے نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ اور ودھان سودھا جیسے اہم سرکاری مقامات کی سکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔ پولیس اس بات کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ ملزم نے آٹو بک کرکے ڈرائیور کے موبائل فون کو دھمکی دینے کے لیے کیوں استعمال کیا اور آیا اس معاملے میں کوئی دوسرا شخص بھی ملوث ہے یا نہیں۔
Post a Comment