Ajay Dharam Singh Announces Rs 200 Crore Water Projects for Kalyana Karnataka اجئے دھرم سنگھ کا اعلان، کسانوں کا بورویل پر انحصار کم ہوگا

کلیان کرناٹک کے سات اضلاع میں آبی تحفظ کے منصوبے

شیرپور ماڈل کے تحت دو سو کروڑ روپے کی سرمایہ کاری

بنگلورو، 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)

کلیان کرناٹک کے سات اضلاع میں آبی وسائل کے بہتر استعمال، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ کرنے کے مقصد سے شیرپور ماڈل کے تحت ۲۰۰ کروڑ روپے کے آبی تحفظاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے چھوٹی آبپاشی اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اجئے دھرم سنگھ نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو محکمہ چھوٹی آبپاشی و زیرِ زمین آبی وسائل کی ترقی اور کلیان کرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ (KKRDB) کے مشترکہ مالی تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کلیان کرناٹک کے گلبرگہ، بیدر، یادگیر، رائچور، کوپل، بلاری اور وجئے نگر اضلاع میں مختلف آبی تحفظاتی کام انجام دیے جائیں گے۔منصوبے میں ندی نالوں اور قدرتی آبی گزرگاہوں پر سلسلہ وار چیک ڈیموں کی تعمیر، ندی نالوں کی گہرائی اور چوڑائی میں اضافہ، زیرِ زمین پانی کی دوبارہ بھرپائی کے لیے خصوصی ڈھانچوں کی تعمیر اور تالابوں کی ترقی جیسے کام شامل ہیں۔شیرپور ماڈل کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو بہہ کر ضائع ہونے سے روکنا اور اسے مقامی سطح پر محفوظ کرکے زمین میں جذب ہونے کے مواقع بڑھانا ہے۔ اس سے زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری آئے گی اور زرعی سرگرمیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ اس کے علاوہ بورویل پر کسانوں کا انحصار کم کرنے اور خشک سالی جیسے حالات کا مؤثر مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ضلع وار فنڈ کی تفصیلات

۲۰۰ کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ میں سے گلبرگہ ضلع کے لیے ۴۹.۲۰ کروڑ روپے، رائچور کے لیے ۳۸.۸۰ کروڑ روپے، بلاری کے لیے ۳۵ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ یادگیر، کوپل اور وجئے نگر اضلاع کو فی کس ۲۱ کروڑ روپے اور بیدر ضلع کو ۱۴ کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔اس منصوبے کے لیے محکمہ چھوٹی آبپاشی و زیرِ زمین آبی وسائل کی ترقی اور کلیان کرناٹک علاقائی ترقیاتی بورڈ نے فی کس ۱۰۰ کروڑ روپے کا تعاون دیا ہے۔ ان تمام کاموں پر عمل درآمد کی ذمہ داری محکمہ چھوٹی آبپاشی و زیرِ زمین آبی وسائل کی ترقی کو سونپی گئی ہے۔محکمہ کے سکریٹری راجیش امین بھاوی نے کہا کہ شیرپور ماڈل کے تحت ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں پر سلسلہ وار چیک ڈیم تعمیر کرنے سے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے روکا جاسکتا ہے اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافے کے امکانات بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کے جغرافیائی حالات، بارش کی مقدار اور پانی کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاموں کو انجام دیا جائے گا، تاکہ آبی تحفظ کے میدان میں پائیدار نتائج حاصل کیے جاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کلیان کرناٹک میں آبی تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ زرعی ترقی، زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں اضافے اور دیہی علاقوں میں طویل مدتی آبی تحفظ کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔

وزیر ڈاکٹر اجئے دھرم سنگھ نے کہا کہ’’کلیان کرناٹک میں ہونے والی بارش کے ہر قطرے کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ہمارا مقصد صرف پانی جمع کرنا نہیں بلکہ زیرِ زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرپور بنانا اور کسانوں کو طویل مدتی آبی تحفظ فراہم کرنا ہے۔‘‘انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کے مؤثر نفاذ سے کلیان کرناٹک کے کسانوں اور دیہی علاقوں کو مستقبل میں پانی کی دستیابی کے حوالے سے نمایاں فائدہ حاصل ہوگا۔

0/Post a Comment/Comments