Action Against Insurers Over Crop Insurance Delay: Khandre فصل بیمہ میں تاخیر پر کارروائی ہوگی: کھنڈرے

فصل بیمہ میں تاخیر پر کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی: کھنڈرے

بیدر میں پانی کی قلت 24 گھنٹوں میں دور کی جائے، خشک سالی کے لیے 10 کروڑ جاری

بیدر، 7 نومبر (جی چندراکانتھ)

ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج ایشور کھنڈرے نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ مصیبت زدہ اور مستحق کسانوں کے کھاتوں میں فصل بیمہ کی معاوضہ رقم کی ادائیگی میں اگر انشورنس کمپنیاں تاخیر کرتی ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بیدر میں پینے کے پانی کی کسی بھی قسم کی قلت پیدا ہونے پر 24 گھنٹوں کے اندر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے ضلع کو پہلے ہی 10 کروڑ روپے کی امداد جاری کی جاچکی ہے۔وزیر ایشور کھنڈرے نے بیدر میں منعقدہ کرناٹک ڈیولپمنٹ پروگرام (کے ڈی پی) کی سہ ماہی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور فلاحی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کی اطلاع ملتے ہی فوری اقدامات کیے جائیں۔ ضرورت پڑنے پر ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے، بورویل کرایے پر حاصل کیے جائیں یا نئے بورویل کھدوائے جائیں، تاکہ عوام کو بلا تاخیر پینے کا پانی دستیاب ہوسکے۔

وزیر نے کسانوں کو روزانہ 7 گھنٹے بلا رکاوٹ اور مناسب برقی سربراہی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو درپیش مسائل اور عوامی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔میٹنگ میں رکن پارلیمنٹ ساگر کھنڈرے، ارکان اسمبلی پربھو چوہان، شیلیندر بیلدالے اور رحیم خان کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل چندرشیکھر پاٹل نے اپنے اپنے حلقوں کے مختلف مسائل وزیر کے سامنے پیش کیے۔ وزیر نے ان مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری اقدامات کرکے مسائل کے حل کی ہدایت دی۔اس موقع پر ڈی سی سی بینک کے صدر امر کھنڈرے، انچارج سکریٹری رندیپ ڈی، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گیتے مادھو وٹھل راؤ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پردیپ گنٹی، ڈی ایف او آشیش ریڈی سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments