شمال مشرقی اساتذہ حلقۂ انتخاب میں ووٹنگ 23 اکتوبر کو، گنتی 27 اکتوبر کو
انتخابی عمل کے لیے نامزدگی 29 ستمبر سے شروع، اسی روز ضابطۂ اخلاق نافذ
کلبرگی، 23 ستمبر (جی چندراکانتھ)
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی اساتذہ حلقۂ انتخاب کے دو سالہ انتخابات کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ حلقۂ انتخاب کی انتخابی افسر اور علاقائی کمشنر زہیرہ نسیم کے مطابق اس حلقے میں 23 اکتوبر 2026 کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 27 اکتوبر کو کی جائے گی۔انتخابی پروگرام کے مطابق 29 ستمبر کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے نامزدگیوں کا عمل شروع ہوگا۔ امیدوار 6 اکتوبر تک، سرکاری تعطیلات کو چھوڑ کر، صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک نامزدگی کے کاغذات داخل کرسکیں گے۔ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ 7 اکتوبر کو ہوگی، جبکہ امیدواروں کے لیے نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
ووٹنگ 23 اکتوبر، جمعہ کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 27 اکتوبر، منگل کو صبح 8 بجے سے شروع کی جائے گی۔انتخابی افسر کے مطابق نامزدگی فارم علاقائی کمشنر کے دفتر کے انتخابی شعبے سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ مکمل شدہ نامزدگی فارم کلبرگی کے ضلع انتظامیہ بھون کی دوسری منزل پر واقع علاقائی کمشنر کے دفتر کے کانفرنس ہال میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔شمال مشرقی اساتذہ حلقۂ انتخاب میں کلبرگی ڈویژن کے کلبرگی، بیدر، رائچور، بلاری، کوپل، یادگیر اور وجئے نگر (ہوسپیٹ) اضلاع شامل ہیں۔ کلبرگی ڈویژن کی علاقائی کمشنر اس حلقے کی انتخابی افسر اور ووٹر رجسٹریشن افسر ہوں گی، جبکہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر معاون انتخابی افسر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔اسی طرح متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر، کلبرگی، بلاری، بیدر اور رائچور میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنر، تمام اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار معاون ووٹر رجسٹریشن افسر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی شمال مشرقی اساتذہ حلقۂ انتخاب کے پورے علاقے میں انتخابی ضابطۂ اخلاق فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔
Post a Comment