BIG BREAKING: 312 Urdu Teacher Posts: Gazette Notification Expected Tomorrow اردو اساتذہ کی بھرتی میں اہم پیش رفت، 312 آسامیوں کا گزٹ کل متوقع

کرناٹک میں پہلے مرحلے میں 312 اردو اساتذہ کی بھرتی، گزٹ نوٹیفکیشن کل متوقع: یو ٹی قادر

آٹھ سو آسامیوں کی مکمل بھرتی پر اصرار، اعتراضات کے 15 روزہ مرحلے کے بعد آن لائن درخواستوں کا آغاز ہوگا

بنگلورو، 14 ستمبر (خصوص رپورٹ: عبدالحلیم منصور)

کرناٹک میں اردو اور مراٹھی ذریعۂ تعلیم کے اساتذہ کی بھرتی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے متعلقہ بھرتی قواعد میں ترمیم کا مسودہ کل سرکاری گزٹ میں شائع کیے جانے کی توقع ہے۔ محکمہ اسکولی تعلیم کے وزیر کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے اس مسودے کے تحت اردو اور مراٹھی ذریعۂ تعلیم کے اساتذہ کی بھرتی کا راستہ ہموار ہوگا۔تقریباً 15 ہزار اساتذہ کی بھرتی کے پہلے مرحلے میں 312 اردو اساتذہ کی آسامیوں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 80 مراٹھی اساتذہ کی آسامیوں پر بھی بھرتی کیے جانے کی توقع ہے۔ وزیر صحت و خاندانی بہبود، اقلیتی بہبود، اوقاف و حج یو ٹی قادر نے واضح کیا ہے کہ 312 اردو اساتذہ کی بھرتی صرف ابتدائی مرحلہ ہے اور 800 اردو اساتذہ کی مکمل بھرتی کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

 حقیقت ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے یو ٹی قادر نے بتایا کہ محکمہ تعلیم نے ریاست میں مجموعی طور پر 35 ہزار اساتذہ کی بھرتی کی تجویز پیش کی تھی، جس میں سے پہلے مرحلے میں 15 ہزار اساتذہ کی بھرتی کو منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح اردو کے لیے مجموعی طور پر 800 اساتذہ کی بھرتی کی تجویز پیش کی گئی تھی، تاہم پہلے مرحلے میں 312 اردو اساتذہ کی آسامیوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 800 اردو اساتذہ کی مکمل تجویز کے مقابلے میں پہلے مرحلے میں صرف 312 آسامیوں کو شامل کیے جانے پر انہوں نے اپنی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر تعلیم مدھو بنگارپا کے علاوہ محکمہ تعلیم اور محکمہ مالیات کے اعلیٰ حکام کے سامنے بھی معاملہ اٹھاتے ہوئے باقی ماندہ اردو آسامیوں کو جلد از جلد بھرتی کے عمل میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔

متعلقہ قواعد میں ترمیم کے مسودے کی سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد قانون کے مطابق 15 دن کی مدت مقرر ہوگی، جس دوران متعلقہ افراد آن لائن اپنی تجاویز اور اعتراضات پیش کرسکیں گے۔ یہ مدت مکمل ہونے کے بعد حتمی گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور اس کے فوراً بعد اردو اور مراٹھی ذریعۂ تعلیم کے اساتذہ کی آسامیوں کے امیدواروں کے لیے آن لائن درخواستوں کا عمل شروع ہوگا۔

یو ٹی قادر نے بتایا کہ موجودہ اساتذہ کی بھرتی کے امتحانات کے شیڈول میں بھی ضروری ردوبدل کیا جائے گا تاکہ اردو اور مراٹھی ذریعۂ تعلیم کے امیدواروں کو اس بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔ نظرثانی شدہ امتحانی تاریخوں کا اعلان رواں ہفتے کیے جانے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ باقی ماندہ اردو اساتذہ کی آسامیوں کو آئندہ مرحلے میں پُر کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ یو ٹی قادر کے مطابق وہ اس معاملے میں وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اردو اساتذہ کے امیدواروں کے جائز مطالبات کو وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کرتے رہیں گے۔

یو ٹی قادر نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر 800 اردو اساتذہ کی مکمل بھرتی کا معاملہ کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا، تاکہ باقی ماندہ آسامیوں کو آئندہ مرحلے میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اردو اساتذہ کی خالی آسامیوں کو پُر کرانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور وہ اس مقصد کے لیے حکومت اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے۔انہوں نے اردو اساتذہ کے امیدواروں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے جائز مطالبات کے ساتھ ہیں اور حکومت کے سامنے اس مسئلے کو مؤثر انداز میں پیش کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو ذریعۂ تعلیم کے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنا طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور اردو تعلیم کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اس پیش رفت کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں 312 اردو اساتذہ کی بھرتی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے، جبکہ 800 اردو اساتذہ کی مکمل بھرتی کے مطالبے پر یو ٹی قادر کی مسلسل کوششیں آئندہ مرحلے میں مزید آسامیوں کو شامل کیے جانے کی امید پیدا کرتی ہیں۔ حتمی آسامیوں، درخواستوں اور امتحانی شیڈول سے متعلق تفصیلات سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن اور بعد ازاں محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق واضح ہوں گی۔

1/Post a Comment/Comments

  1. Apply kaise karien kisse rabta karna hai?

    ReplyDelete

Post a Comment