Karnataka Forms Minority Education Vision Group اقلیتی تعلیمی اصلاحات کے لیے وژن گروپ تشکیل

کرناٹک میں اقلیتی تعلیمی اصلاحات کے لیے وژن گروپ کمیٹی تشکیل

راجیہ سبھا رکن منصور علی خان کی صدارت، ماہرینِ تعلیم اور مختلف اداروں کے نمائندے کمیٹی میں شامل

بنگلورو، 23 ستمبر (حقیقت ٹائمز)

کرناٹک حکومت نے ریاست میں اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور اصلاحات سے متعلق امور کا جائزہ لینے اور مستقبل کی حکمتِ عملی مرتب کرنے کے لیے ’کرناٹک اقلیتی تعلیمی وژن گروپ کمیٹی‘ تشکیل دی ہے۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا۔ کمیٹی کی صدارت راجیہ سبھا رکن منصور علی خان کریں گے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں وزیر اعلیٰ کے اقتصادی مشیر ایل۔ کے۔ عتیق، بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر پی۔ سی۔ جعفر، منگلورو کے ایم ای آئی ایف کے صدر عمر ٹی کے، شاہین گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے صدر ڈاکٹر عبدالقدیر، بنگلورو کے ماہرِ تعلیم ڈاکٹر فرانسس، ڈی اے پی ایس گروپ آف اسکولس کے سربراہ خالد بیگ ندوی اور ریاستی تعلیمی تحقیق و تربیتی محکمہ کے سابق ڈائریکٹر بیلّاشیٹی کو رکن مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ میسور کے سرکاری ٹیچر ایجوکیشن کالج کی ریڈر رخسانہ نازین، عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کے نمائندے رودریش، دھارواڑ کی کرناٹک یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شوکت عظیم، لیڈ گروپ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر سری نواسن تِمّرا یَن، فالکن گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے عبدالسبحان، ماہرِ تعلیم عائشہ فرزانہ یو۔ ٹی۔ اور خصوصی معلم ڈاکٹر رخسانہ حسن کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق محکمۂ اقلیتی ڈائریکٹوریٹ ےکے ڈائریکٹر کمیٹی کے ممبر سکریٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں سرکاری انتظامیہ، تعلیمی ماہرین، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو شامل کیا گیا ہے۔کمیٹی کی تشکیل کا مقصد ریاست میں اقلیتی طبقے سے متعلق تعلیمی امور کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی معیار، مواقع اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کے لیے ایک مربوط وژن تیار کرنا بتایا گیا ہے۔

0/Post a Comment/Comments