الکل میں صفائی ملازمین کی خدمات کو خراجِ تحسین
یومِ ورکرز پر میونسپل کونسل کی جانب سے سول ورکرز کی گل پوشی، شہریوں سے صفائی میں تعاون کی اپیل
الکل، 23 ستمبر (سلیمان چوپدار)
الکل سٹی میونسپل کونسل کی جانب سے یومِ ورکرز کے موقع پر شہر کے صفائی ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی اعزازی گل پوشی کی گئی۔ اس موقع پر میونسپل کونسل کے ذمہ داران اور سماجی کارکنان نے سول ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ریاض مکاندار نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر اور معاشرے کو صاف ستھرا رکھنے میں سول ورکرز کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی، گرمی یا بارش، موسم کوئی بھی ہو، صفائی ملازمین گندگی کو دور کرنے اور عوام کو صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی اور انہیں عزت و اعزاز دینا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یومِ ورکرز کے موقع پر تمام صفائی ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔
اس موقع پر احمد صاحب باغبان ڈگر سمیت سماجی خدمات سے وابستہ دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران سول ورکرز نے منتظمین اور شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صحت کی پروا کیے بغیر عوامی صحت اور شہر کی صفائی کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے کام میں عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔سول ورکرز نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی کے نظام میں تعاون کریں، کیونکہ صاف ماحول برقرار رکھنا صرف صفائی ملازمین ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
Post a Comment