بنگلورو میں ادارۂ ادبِ اسلامی ہند کا خصوصی ادبی اجلاس 27 ستمبر کو
ڈاکٹر سلیم خان کی شرکت، ادب، نوجوانوں اور عصرِ حاضر کے تقاضوں پر مختلف نشستیں
بنگلورو، 23 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، کرناٹک کے زیرِ اہتمام ادارے کے قومی صدر ڈاکٹر سلیم خان کے دورۂ بنگلورو کے موقع پر 27 ستمبر 2026، بروز اتوار، شہر کے آر۔ ٹی۔ نگر میں خصوصی ادبی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کا انعقاد شانتی سدن میں ہوگا، جس میں ریاست بھر سے ادب سے وابستہ افراد، شعراء، ادیبوں اور اہلِ علم کی شرکت متوقع ہے۔ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، کرناٹک کے صدر محمد عابداللہ اطہر شیموگوی اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ ڈاکٹر سلیم خان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کلیدی خطاب کریں گے۔ ان کے خطاب کا موضوع ’’کل ہند کانفرنس: ادارے سے تحریک تک‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس کی پہلی نشست صبح 11 بجے شروع ہوکر دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گی۔ نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوگا، جس کے بعد ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، کرناٹک کے سیکریٹری عبداللہ نادر عمری استقبالیہ کلمات پیش کریں گے۔ ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، بنگلورو کے صدر ڈاکٹر ثناءاللہ شریف افتتاحی کلمات پیش کریں گے۔ کلیدی خطاب کے بعد مقررہ موضوع سے متعلق شرکائے اجلاس کے درمیان تبادلۂ خیال ہوگا، جس کے بعد ریاستی صدر محمد عابداللہ اطہر شیموگوی صدارتی خطاب کریں گے۔ پہلی نشست کے اختتام پر نمازِ ظہر اور طعام کے لیے وقفہ رکھا گیا ہے۔دوسری نشست دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگی۔ اس نشست میں عبداللہ نادر عمری ’’ادب اور نوجوان: فکر، کردار اور مستقبل‘‘ کے عنوان سے خطاب کریں گے۔اس کے بعد ڈاکٹر سلیم خان کی صدارت میں ’’ادب اور عصرِ حاضر کے تقاضے: ہماری ترجیحات کیا ہوں‘‘ کے موضوع پر مذاکرہ منعقد ہوگا۔مذاکرے میں ادارۂ ادبِ اسلامی ہند، کرناٹک کے نائب صدر لئیق اللہ خان منصوری، سیکریٹری عظمت اللہ عظمت سمیت دیگر مقررین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ ہر مقرر کے لیے 15 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ مذاکرے کے اختتام پر ڈاکٹر سلیم خان صدارتی کلمات پیش کریں گے، جبکہ محمد عابداللہ اطہر شیموگوی اختتامی کلمات کے ساتھ اجلاس کا اختتام کریں گے۔منتظمین کے مطابق اجلاس کا مقصد ادبی سرگرمیوں، نوجوانوں کی ادبی وابستگی اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے تناظر میں ادب کے کردار پر سنجیدہ گفتگو اور باہمی تبادلۂ خیال کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
Post a Comment