Seerat Competition Introduces 143 Bidar Students to the Prophet’s Life بیدر کی طالبہ نے سیرتِ رسول ﷺ سے پہلی واقفیت بیان کی

سیرتِ رسول ﷺ کے مطالعے سے اسلامی تعلیمات اور پیغام کو سمجھنے کا موقع ملا: بھونیشوری کوالے

بیدر میں جماعت اسلامی ہند کے مضمون نویسی مقابلے میں 143 طلبہ نے حصہ لیا

بیدر، 22 ستمبر (محمد یوسف رحیم بیدری)

“مجھے پہلی بار یہ جاننے کا موقع ملا کہ حضرت محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں اور انہوں نے مختصر مدت میں اللہ کی ہدایات، اسلامی تعلیمات اور اپنے کردار کے ذریعے سماجی، معاشی اور سیاسی سطح پر کس طرح تبدیلی پیدا کی۔ اس مضمون نویسی مقابلے کے ذریعے ہمیں حضرت محمد ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا، جس کے لیے میں جماعت اسلامی ہند بیدر کی شکر گزار ہوں۔”یہ تاثرات کرناٹک ڈگری کالج بیدر کی طالبہ بھونیشوری کوالے نے جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے منعقدہ مضمون نویسی مقابلے کے جلسۂ تقسیمِ انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے نے انہیں سیرتِ رسول ﷺ کے بارے میں مطالعہ اور معلومات حاصل کرنے کا ایک نیا موقع فراہم کیا۔جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے 20 ستمبر 2026 کو ڈیسنٹ فنکشن ہال، بیدر میں جلسۂ تقسیمِ انعامات و اسناد منعقد کیا گیا۔ مضمون نویسی مقابلے میں ہائی اسکول اور کالج کی سطح کے مجموعی طور پر 143 طلبہ نے حصہ لیا۔ پروگرام میں مقابلے میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلبہ کے علاوہ ان کے والدین اور عزیز و اقارب بھی شریک ہوئے۔

ہائی اسکول کی سطح پر ایچ۔ ایم۔ ایس ہائی اسکول کی رخسانہ بیگم بنت سید وسیم نے اول، شریمتی اندرا بائی ہائی اسکول بیدر کی بھاگیہ وتی بنت ہنومنت نے دوم اور روشن پبلک اسکول کمٹھانہ کی آفرین بیگم بنت محمد اکرم نے سوم مقام حاصل کیا۔کالج کی سطح پر گورنمنٹ پی یو گرلز کالج بیدر کی افشاں پروین بنت شیخ انصار نے اول، کرناٹک ڈگری کالج بیدر کی بھونیشوری کوالے بنت بسواراج نے دوم اور میگھا بنت شیوراج نے سوم مقام حاصل کیا۔دونوں سطحوں پر اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب 5,000، 3,000 اور 2,000 روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طلبہ کو اسناد کے ساتھ سیرتِ رسول ﷺ پر کتب بھی فراہم کی گئیں۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر سراج الحسن کی جانب سے سورۂ مدثر کی ابتدائی 7 آیات کے درسِ قرآن سے ہوا۔جماعت اسلامی ہند بیدر کے امیرِ مقامی محمد معظم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام جماعت اسلامی ہند کی سیرت مہم “محمد ﷺ — انقلاب کے علمبردار” کے تحت منعقد کیے گئے مختلف پروگراموں کی آخری کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضمون نویسی مقابلے کا مقصد نئی نسل، خصوصاً ہائی اسکول اور کالج کے طلبہ کو حضرت محمد ﷺ، اسلام اور قرآن کے بارے میں صحیح علم و شعور فراہم کرنا اور ان سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے مطالعے کا موقع فراہم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ مقابلے میں مسلم طلبہ کے ساتھ دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھی قابلِ ذکر تعداد میں حصہ لیا، جو اس طرح کے مطالعاتی و تعلیمی پروگراموں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

پروگرام کی نظامت جماعت اسلامی ہند بیدر کے معاون امیرِ مقامی محمد عارف الدین نے انجام دی۔تقریب میں مولانا سید سراج الدین نظامی، صدر روضہ مشن اسکول؛ مولانا محمد مونس کرمانی، صدر مجلس العلماء؛ محمد صلاح الدین فرحان، سکریٹری وزڈم ادارہ جات بیدر؛ سید اذہان احمد، صدر ایس آئی او بیدر؛ ڈاکٹر بشریٰ ایمن، صدر جی آئی او بیدر؛ اعظم پاشا، صدر آل انڈیا اسلامک انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اکیڈمی بیدر؛ رفیق احمد گادگی، صدر کارونیا سوہاردا کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی بیدر؛ مجتبیٰ خان، صدر کے ایس سی سی ایس بیدر؛ حیدر علی شاکر، سی آر پی؛ اسلم پاشا قادری، صدر ادارۂ ادبِ اسلامی بیدر؛ محمد شفیع الدین، صدر ریڈیئنس اسکول و صدر زکوٰۃ سینٹر انڈیا بیدر؛ ڈیسنٹ فنکشن ہال کے مالک اور حافظ انجینئر سید عتیق اللہ، سکریٹری جماعت اسلامی ہند بیدر سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔جماعت اسلامی ہند بیدر کے اسسٹنٹ میڈیا انچارج محمد صلاح الدین نے جاری کردہ پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔

0/Post a Comment/Comments