نو منتخب وزیر وجے آنند کاشپنور کا الکل میں تاریخی خیرمقدم
دربار میں حاضری، عوامی استقبال اور بیٹی کے جذباتی پیغام نے دل جیت لیے
الکل 5 اگست (سلیمان چوپدار)
کرناٹک حکومت کے نو منتخب وزیر وجے آنند کاشپنور کی وزارت کا حلف لینے کے بعد پہلی مرتبہ الکل آمد پر شہر میں جشن کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ مختلف مقامات پر عوام، کارکنوں اور معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔اپنے دورے کے آغاز میں وزیر وجے آنند کاشپنور نے حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادریؒ کے دربار پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور ملک و ریاست کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر بلاک کانگریس کے صدر عبدالرزاق ٹٹگار نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ وزیر موصوف کی شال پوشی کرکے انہیں مبارکباد دی گئی۔بعد ازاں انہوں نے مہانتیش چترگی مٹھ کا دورہ کیا، جہاں گرو مہانت سوامی جی نے ان کا استقبال کرتے ہوئے اعزاز سے نوازا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر کا قافلہ شہر کے مختلف اہم مقامات، جن میں ایس آر کے سرکل، کنٹری سرکل اور بسویشور سرکل شامل ہیں، سے گزرا، جہاں انہوں نے قومی رہنماؤں اور عظیم شخصیات کے مجسموں پر گل ہار چڑھائے۔ راستے بھر عوام نے پھول نچھاور کرکے ان کا شاندار خیرمقدم کیا، جس سے پورا شہر جشن کی کیفیت میں نظر آیا۔بعد ازاں وزیر وجے آنند کاشپنور اپنی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کی اہلیہ وببنا کاشپنور اور صاحبزادی نے ان کا استقبال کیا اور آرتی اتاری۔اس موقع پر ان کی 13 سالہ بیٹی کے جذباتی الفاظ نے حاضرین کو متاثر کردیا۔ انہوں نے اپنے والد سے کہا کہ انہیں دولت کی نہیں بلکہ غریبوں کی خدمت اور عوامی فلاح کے لیے ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بیٹی نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنے والد کو عوام کی خدمت کا پیغام دیا، جسے وہاں موجود لوگوں نے بے حد سراہا۔وزیر کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں عوام کی بڑی تعداد موجود رہی اور آلکل میں دیر تک جشن اور مسرت کا ماحول قائم رہا۔
Post a Comment