Mahboob Pasha Invited as Chief Guest to World Kannada Conference in USA فلاڈیلفیا کی عالمی کنڑا کانفرنس میں محبوب پاشا شریک ہوں گے

امریکہ میں منعقد ہونے والے عالمی کنڑا کانفرنس میں محبوب پاشا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو

اکّا کی سلور جوبلی تقریبات 4 تا 6 ستمبر 2026 فلاڈیلفیا میں منعقد ہوں گی

بنگلورو، 5 اگست (حقیقت ٹائمز)

امریکہ میں کنڑا برادری کی سب سے بڑی تنظیم امریکن کنڑا کُوٹاس ایسوسی ایشن (اکّا) کی جانب سے منعقد ہونے والی سلور جوبلی تقریبات اور عالمی کنڑا کانفرنس میں شرکت کے لیے شری کانتیراوا اسٹوڈیوز لمیٹڈ کے صدر محبوب پاشا کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔یہ تاریخی عالمی اجتماع 4 سے 6 ستمبر 2026 تک امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع پنسلوانیا کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔اکّا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ پچیس برسوں سے یہ تنظیم امریکہ بھر میں مقیم کنڑا برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے زبان، ثقافت اور روایات کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔ اپنی سلور جوبلی کے موقع پر منعقد ہونے والے اس عالمی اجتماع میں 6 ہزار سے زائد مندوبین کی شرکت متوقع ہے، جن میں ممتاز فنکار، صنعت کار، کارپوریٹ شخصیات، ثقافتی رہنما، دانشور اور مختلف ممالک کی نمایاں شخصیات شامل ہوں گی۔تنظیم نے اپنے دعوت نامے میں کہا ہے کہ محبوب پاشا کی قیادت میں شری کانتیراوا اسٹوڈیوز لمیٹڈ نے کنڑا فلمی صنعت، میڈیا کے فروغ اور ریاست کی ثقافتی و فنی وراثت کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کے اعتراف میں انہیں اس عالمی کانفرنس میں اعزازی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔تین روزہ عالمی کانفرنس کے دوران کرناٹک کی زبان، ادب، ثقافت، موسیقی، رقص، فنونِ لطیفہ اور فلمی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے مختلف ثقافتی اور ادبی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن کے ذریعے کنڑا تہذیب و ثقافت کی عالمی سطح پر ترویج کو مزید تقویت ملے گی۔

0/Post a Comment/Comments