ہائی کورٹ کے حکم پر بنگلورو میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن
بنگلورو فورٹ، بوورنگ اسپتال اور کے آر مارکیٹ کے اطراف 250 دکانیں ہٹادی گئیں
بنگلورو، 5 اگست (حقیقت ٹائمز)
بنگلورو کے تاریخی قلعہ، بوورنگ اسپتال اور کے آر مارکیٹ کے اطراف فٹ پاتھوں پر قائم تقریباً 250 غیر قانونی دکانوں کو آج گریٹر بنگلورو سنٹرل کارپوریشن نے ہٹا دیا۔ یہ کارروائی کرناٹک ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد انجام دی گئی۔ریاست کے وزیر برائے بنگلورو ترقیات کرشنا بائرے گوڑا نے بتایا کہ متعدد دکانیں سابق بلدیاتی ادارے کے مبینہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر قائم کی گئی تھیں۔

ان تجاوزات کی وجہ سے تاریخی بنگلورو قلعہ سڑک سے تقریباً مکمل طور پر نظر نہیں آتا تھا، جبکہ فٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے بھی کوئی جگہ باقی نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ شہر کے سب سے زیادہ مصروف مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں روزانہ ہزاروں افراد بوورنگ اسپتال اور کے آر مارکیٹ آتے جاتے ہیں۔ تجاوزات کے باعث نہ صرف عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی تھی۔وزیر کے مطابق کرناٹک ہائی کورٹ نے دکانداروں کے پاس موجود دستاویزات کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں 15 دن کے اندر ازخود تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔ انتظامیہ نے عدالتی مہلت ختم ہونے کے بعد مزید 20 دن انتظار کیا، تاہم تجاوزات نہ ہٹائے جانے پر بدھ کے روز قانونی کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔کرشنا بائرے گوڑا نے اس کارروائی کو عوامی مفاد میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لاکھوں شہریوں، مریضوں اور خریداروں کو سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کارروائی کو پُرامن اور قانونی طریقے سے انجام دینے پر متعلقہ افسران اور عملے کی ستائش بھی کی۔
Post a Comment