End of an Era: Syed Saifullah Passes Away سید سیف اللہ کا انتقال، طویل خدمات کا اختتام

سینئر کانگریسی رہنما الحاج سید سیف اللہ کا انتقال

تعلیم و سیاست میں چار دہائیوں کی خدمات کا اختتام

داونگیرے، 18 اپریل (الطاف رضوی)

 شہر داونگیرے کی معروف سماجی، تعلیمی اور سیاسی شخصیت، سینئر کانگریس رہنما اور ملت تعلیمی ادارہ جات کے بانی الحاج سید سیف اللہ کا آج دوپہر باشاہ نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے شہر بھر میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ کل 19 اپریل کو صبح 11 بجے ادا کی جائے گی، جس کے بعد پی بی روڈ پر واقع قدیم قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔الحاج سید سیف اللہ گزشتہ تقریباً 45 برسوں سے تعلیم، بینکاری اور سیاست کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے ملت ایجوکیشن سوسائٹی کی بنیاد رکھی، جو شہر کا پہلا نجی تعلیمی ادارہ شمار ہوتا ہے۔ اس ادارے کے ذریعے ہزاروں طلبہ و طالبات نے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہو کر اپنی زندگیاں سنواریں۔ ان کی تعلیمی خدمات کو داونگیرے کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔مرحوم ایک بااثر اور باوقار کانگریسی رہنما بھی تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک پارٹی کے لیے خدمات انجام دیں اور عوامی مسائل کے حل میں سرگرم کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی زندگی کا ایک اہم پہلو وہ واقعہ بھی ہے جب انہیں داونگیرے حلقہ سے کانگریس پارٹی کا باضابطہ ٹکٹ (بی فارم) دیا گیا تھا، تاہم انہوں نے پارٹی مفاد اور شامنور خاندان کے لیے غیر معمولی قربانی دیتے ہوئے آخری وقت میں اپنے نامزدگی کاغذات داخل نہیں کیے۔ ان کے اس اقدام کو آج بھی سیاسی حلقوں میں ایثار اور وفاداری کی مثال کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

مرحوم کے پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں، جو آل انڈیا یوتھ کانگریس میں اہم عہدے پر فائز ہیں۔ ان کے انتقال پر نہ صرف سیاسی و سماجی حلقوں بلکہ تعلیمی اداروں سے وابستہ افراد، طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد غمزدہ ہے۔ ان کے گھر پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دے رہی ہے۔دعا کی جا رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

0/Post a Comment/Comments