داونگیرے میں الحاج سید سیف اللہ کی تدفین، ہزاروں افراد کی شرکت
ملت ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی اشکبار آنکھوں سے سپردِ خاک، تعلیمی و سماجی خدمات کو خراج
داونگیرے، 19 اپریل (الطاف رضوی)
شہر داونگیرے کی معروف شخصیت، ملت تعلیمی ادارہ جات کے بانی، سینئر کانگریس رہنما اور سابق ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین الحاج سید سیف اللہ صاحب کی تدفین آج صبح عمل میں آئی ، ان کا انتقال 18 اپریل بروز ہفتہ اپنی رہائش گاہ واقع باشاہ نگر میں ہوا تھا۔ نمازِ جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں شہر کے پی بی روڈ پر واقع پرانے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔نمازِ جنازہ مرحوم کے بھائی سید علی نے پڑھائی، جبکہ مولانا شافعی سعدی اور مولانا حنیف رضا قادری نے دعائے مغفرت کی۔ حضرت گلاب شاہ ولی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کے قریب انکی تدفین عمل میں آئی۔اس موقع پر سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم، سابق ریاستی وقف بورڈ چیئرمین و موجودہ نائب چیئرمین وقف کونسل این کے شافعی سعدی، ہبلی-دھارواڑ اربن ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین شاکر سندی، چترادرگہ کے معروف وکیل صادق اللہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات موجود تھیں۔مرحوم سید سیف اللہ صاحب ایک باوقار، بااخلاق اور باکردار شخصیت کے حامل تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی ملت کی تعلیمی ترقی، سماجی بہبود اور سیاسی شعور بیدار کرنے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ان کے انتقال سے داونگیرے ہی نہیں بلکہ پوری ریاست میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جس کا پُر ہونا مشکل ہے۔
Post a Comment