ہیسراگھٹہ میں ایچ فائیو این ون کی تصدیق، متأثرہ زون قائم
مرغیوں کی تلفی، نگرانی سخت — وزیر صحت نے احتیاط کی ہدایت دی
بنگلورو 17 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ریاستی وزیر صحت دنیش گنڈوراؤ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایچ فائیو این ون (برڈ فلو) کے معاملے میں گھبرانے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بنگلورو کے ہیسراگھٹہ کے مٹکور گاؤں میں واقع مرغی پروری تربیتی مرکز میں 14 اپریل کو بھوپال کی قومی تجربہ گاہ کی رپورٹ کے مطابق اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد حکومتی رہنما اصولوں کے تحت فوری طور پر قابو پانے کے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔16 اپریل کو ریاستی، ضلعی اور بنیادی صحت مراکز کی فوری ردِ عمل ٹیموں نے موقع کا دورہ کیا اور مٹکور گاؤں کو 3 کلومیٹر کے دائرے میں متاثرہ علاقہ جبکہ اطراف کے 10 کلومیٹر علاقے کو نگرانی کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔15 اپریل کو محکمۂ حیوانات کی نگرانی میں 7,444 مرغیاں، 14 ہزار سے زائد انڈے اور 2,250 کلوگرام مرغی کا چارہ سائنسی طریقے سے تلف کیا گیا۔ اس کارروائی میں شامل 10 عملے کو قرنطینہ میں رکھ کر اوسیلٹامیویر دوا کے ساتھ طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

اس مقام کو ایک سال کے لیے ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔محکمۂ صحت کی نگرانی جاری ہے۔ 3 کلومیٹر کے دائرے میں 3,422 آبادی پر مشتمل 2 دیہات جبکہ 3 سے 10 کلومیٹر کے درمیان 22,395 افراد پر مشتمل 17 دیہات شامل ہیں۔ آشا اور صحت کارکنان گھر گھر جا کر اگلے 10 دنوں تک بخار کی نگرانی کریں گے۔ مشتبہ معاملات کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت اسپتالوں کو دی گئی ہے، جبکہ حفاظتی لباس، ماسک، اوسیلٹامیویر، نمونہ محفوظ رکھنے کے ذرائع اور گلے کے نمونے لینے کے آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔اب تک کسی انسان میں اس بیماری کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، اس لیے عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ بیمار یا مردہ پرندوں سے دور رہیں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال میں فوری طور پر محکمۂ حیوانات یا محکمۂ صحت کو اطلاع دیں۔ اچھی طرح پکا ہوا مرغی کا گوشت اور انڈے استعمال کریں۔محکمۂ صحت نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
Post a Comment