ٹمکورو روڈ (پینیا) ایلیویٹڈ فلائی اوور پر 13 تا 17 اپریل ٹریفک بند
لوڈ ٹیسٹنگ کے پیش نظر متبادل راستوں کا اعلان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت
بنگلورو/ ٹمکورو، 10 اپریل (حقیقت ٹائمز)
بنگلورو ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل ہائی وے-4 پر واقع پینیا ایلیویٹڈ (ٹمکورو روڈ) فلائی اوور (ڈاکٹر سری شیوکمار سوامی جی فلائی اوور) پر مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد اس کی مضبوطی جانچنے کے لیے حتمی لوڈ ٹیسٹنگ کی جائے گی۔اس سلسلے میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی درخواست پر 13 اپریل 2026 صبح 5 بجے سے 17 اپریل 2026 صبح 11 بجے تک فلائی اوور پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند رہے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق یہ پابندی کینامیٹل وڈیا اپر ریمپ سے لے کر ایس آر ایس ڈاؤن ریمپ اور سی ایم ٹی آئی جنکشن سے پارلے-جی ٹول تک فلائی اوور کے پورے حصے پر نافذ رہے گی۔ متبادل طور پر نلمنگلا سے بنگلورو کی جانب آنے والی گاڑیاں فلائی اوور کے نیچے نیشنل ہائی وے-4 اور سروس روڈ کے ذریعے 8ویں مائل، داسرہلی، جالہلی کراس، پینیا پولیس اسٹیشن جنکشن اور ایس آر ایس جنکشن کے راستے گورگنٹے پالیہ پہنچ سکتی ہیں۔اسی طرح دیگر گاڑیوں کو بھی فلائی اوور کے بجائے سروس روڈ اور متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک ضوابط پر عمل کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سڑکوں پر حفاظت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
Post a Comment