کانگریس کی تجربہ کار قائد محسنہ قدوائی دنیا سے رخصت
طویل عوامی خدمات پر رہنماؤں کا خراجِ عقیدت، آج نوئیڈا میں تدفین
نئی دہلی، 8 اپریل (خصوصی رپورٹ)
کانگریس کی سینئر ترین رہنماؤں میں شمار ہونے والی سابق مرکزی کابینہ وزیر محترمہ محسنہ قدوائی ، آج علی الصبح 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال آج صبح تقریباً 3 بجے ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر آتے ہی سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی اور اسے ملک کی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر نوئیڈا میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین شام تقریباً 5 بجے پنچ پیران قبرستان میں عمل میں آئے گی۔محسنہ قدوائی کا تعلق طویل عرصے تک انڈین نیشنل کانگریس سے رہا۔

انہوں نے مختلف ادوار میں مرکزی حکومت میں اہم وزارتیں سنبھالیں، جن میں صحت، شہری ترقی، دیہی ترقی اور ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔وہ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے ادوار میں نمایاں کردار ادا کرتی رہیں اور پارٹی تنظیم میں بھی کلیدی ذمہ داریاں نبھائیں۔ان کے انتقال پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی شخصیات اور عوامی حلقوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ رہنماؤں نے مرحومہ کی طویل سیاسی خدمات، عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی جدوجہد اور ان کی سادہ مزاجی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔
Post a Comment