Missing Minor Girl Found Dead in Chikkamagaluru, Probe Underway لاپتہ کمسن لڑکی سریندا مردہ حالت میں برآمد

چکمگلور میں لاپتہ کمسن لڑکی سریندا مردہ حالت میں برآمد، علاقے میں افسوس کی لہر

مانیک دھارا آبشار کے قریب کھائی سے لاش ملی، واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری

چکمگلور، 11 اپریل (فیروز نشیمن)

 کرناٹک کے سیاحتی مقام چکمگلور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کیرالہ سے آئی 15 سالہ طالبہ سریندا پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد مردہ حالت میں پائی گئی۔پولیس کے مطابق سریندا چندردرونا پہاڑی سلسلے میں واقع مانیک دھارا آبشار کے قریب اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھی کہ منگل کی شام تقریباً 5:30 بجے اچانک لاپتہ ہوگئی۔ اہل خانہ نے ابتدائی طور پر خود تلاش کی، تاہم رات دیر گئے پولیس اور محکمہ جنگلات کو اطلاع دی گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس، محکمہ جنگلات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ تقریباً 100 سے زائد اہلکاروں نے جدید ٹیکنالوجی، بشمول تھرمل ڈرون کیمروں کی مدد سے گھنے جنگلات اور دشوار گزار علاقوں میں مسلسل تلاش جاری رکھی۔بالآخر جمعہ کے روز سریندا کی لاش مانیک دھارا کے قریب تقریباً 2000 فٹ گہری کھائی میں برآمد ہوئی۔ جس مقام پر لاش ملی، وہ انتہائی خطرناک اور کھڑی چٹانوں پر مشتمل علاقہ بتایا جاتا ہے۔سریندا، کیرالہ کے ضلع پالکڈ کی رہائشی اور دسویں جماعت کی طالبہ تھی، جو اپنے خاندان کے ساتھ سیاحتی دورے پر نکلی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ہمپی کا دورہ کرنے کے بعد چکمگلور پہنچی تھی۔ حیران کن طور پر لاپتہ ہونے سے چند منٹ قبل اس نے اپنے والد کے موبائل فون پر خوشی کے عالم میں ویڈیو بھی بنائی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے اور جائے وقوعہ پر دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس سانحہ نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ حادثہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے۔

0/Post a Comment/Comments