شیموگہ میں معائنے کے دوران جان لیوا حملہ
ویٹرنری ڈاکٹر دریائی گھوڑے کا شکار بن گئیں
شیموگہ/بنگلور، 21مارچ (حقیقت ٹائمز)
ریاست کرناٹک کے ضلع شیموگہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک چڑیا گھر میں معمول کے معائنے کے دوران دریائی گھوڑے کے حملے میں ایک خاتون ویٹرنری ڈاکٹر جان کی بازی ہار گئیں۔اطلاعات کے مطابق 27 سالہ معالج سمیکشا ریڈی، جو بنگلور کی رہنے والی تھیں، مقامی چڑیا گھر میں معاہدہ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ رات کے وقت معمول کے معائنے کے بعد ایک حاملہ دریائی گھوڑے کا جائزہ لے رہی تھیں کہ اسی دوران جانور نے اچانک حملہ کر دیا۔حملے کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جمعہ کی صبح دورانِ علاج انتقال کر گئیں۔ریاستی وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور حکام کو ہدایت دی ہے کہ مقررہ ضوابط کے مطابق اہل خانہ کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ ریاست کے تمام چڑیا گھروں میں جانوروں کے معائنے کے دوران حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو مقررہ مدت میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
Post a Comment