Pay Sadaqa-e-Fitr Early, Appeal by Scholars عید سے قبل صدقۂ فطر ادا کرنے کی تلقین

عید قریب، صدقۂ فطر کی ادائیگی میں تاخیر نہ کریں

ضرورت مندوں تک مدد پہنچانے کی علماء کی اپیل

بنگلورو 17 مارچ (حقیقت ٹائمز)

امارتِ شرعیہ کرناٹک نے امسال صدقۂ فطر کی مقدار رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں ہی طے کر دی گئی تھی، اور اب جبکہ عیدالفطر قریب آ رہی ہے، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس اہم فریضے کی ادائیگی میں تاخیر نہ کریں۔مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرناٹک کے کنوینر مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی کے مطابق امسال گندم کے اعتبار سے فی کس صدقۂ فطر 100 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کھجور کے اعتبار سے 1120 روپے، کشمش کے اعتبار سے 1980 روپے اور جو کے اعتبار سے 280 روپے طے کیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ امارتِ شرعیہ کرناٹک کے ذمہ داران ، اراکین، مجلسِ امارت ،امارت شرعیہ کرناٹک مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی ،مفتی افتخار احمد قاسمی ،اور مولانا مفتی مقصود عمران رشادی نے علماء کے باہمی مشورے سے کیا تھا۔امارتِ شرعیہ کرناٹک کے ذمہ داران نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حیثیت کے مطابق مذکورہ اجناس میں سے کسی ایک کے حساب سے صدقۂ فطر ادا کریں تاکہ مستحقین تک بروقت مدد پہنچ سکے۔ علماء نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ صاحبِ استطاعت افراد اگر کھجور، کشمش یا جو کے اعتبار سے صدقۂ فطر ادا کریں تو یہ فقراء کے حق میں زیادہ مفید ہوگا۔علماء کے مطابق صدقۂ فطر عیدالفطر سے پہلے ادا کر دینا بہتر ہے تاکہ ضرورت مند افراد بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ اگر ممکن ہو تو اسے عید سے دو یا تین دن پہلے ادا کیا جائے، بصورت دیگر کم از کم عیدگاہ جانے سے پہلے اس کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

0/Post a Comment/Comments