داونگیرے جنوبی ضمنی انتخاب کے لیے ڈاکٹر نازیہ کوثر کو کانگریس ٹکٹ دینے کا مطالبہ
مقامی حلقوں کا تعلیم یافتہ اور باصلاحیت خاتون قیادت کو موقع دینے پر زور
داونگیرے، 16 مارچ (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے اہم سیاسی حلقوں میں شمار ہونے والے داونگیرے جنوبی اسمبلی حلقہ کے آئندہ ضمنی انتخاب کے پیش نظر مقامی سطح پر یہ آواز بلند ہو رہی ہے کہ کانگریس پارٹی کو اس حلقہ سے ڈاکٹر نازیہ کوثر کو امیدوار بنانا چاہئے۔ڈاکٹر نازیہ کوثر داونگیرے میں پیدا ہوئیں اور یہیں پلی بڑھیں۔ انہوں نے وقف کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ پیشہ کے اعتبار سے وہ ایک معروف اینکر کے طور پر پہچانی جاتی ہیں اور اس وقت ایک باوقار تعلیمی ادارہ میں صحافت (جرنلزم) کی پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔تعلیم کے میدان میں سرگرم رہنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر نازیہ کوثر کو سماجی مسائل کا بھی گہرا شعور حاصل ہے۔ وہ عوامی زندگی میں بھی متحرک رہتی ہیں اور معاشرے کی ترقی و بہبود کے لیے مختلف سطحوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔مقامی عوام اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ داونگیرے جنوبی جیسے اہم حلقہ کو ایک تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور مقامی مسائل سے بخوبی واقف قیادت کی ضرورت ہے۔ چونکہ ڈاکٹر نازیہ کوثر نہ صرف اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں بلکہ اسی علاقے میں پرورش پانے کے سبب یہاں کے عوامی مسائل سے بھی اچھی طرح واقف ہیں، اس لیے کانگریس پارٹی کو انہیں موقع دینا چاہئے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اگر کانگریس پارٹی ڈاکٹر نازیہ کوثر کو ٹکٹ دیتی ہے تو اس سے نہ صرف ایک تعلیم یافتہ خاتون قیادت کو آگے آنے کا موقع ملے گا بلکہ حلقہ کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی مثبت امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
Post a Comment