روزے کی حالت میں ایس ایس ایل سی طالبہ نصرت کا اچانک انتقال
امتحانات سے قبل ہونہار طالبہ کی رحلت پر شہر میں غم کی لہر
الکل، 12 مارچ (سلیمان چوپدار)
شہر کے وارڈ نمبر چار کی رہائشی اور ایس ایس ایل سی کی طالبہ نصرت بنت بادشاہ چلگببری کا جمعرات کی صبح اچانک انتقال ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے روزے سے تھیں اور صبح تقریباً آٹھ بجے بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث بے ہوش ہو گئیں، جس کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔اس افسوسناک خبر کے پھیلتے ہی شہر میں غم اور حیرت کی فضا قائم ہو گئی۔ مرحومہ نصرت انجمن تعلیمی ادارہ کے تحت قائم ایس ایم ایس قادری ہائی اسکول کی طالبہ تھیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایس ایس ایل سی امتحان کے لیے اپنا ہال ٹکٹ حاصل کیا تھا اور امتحانات شروع ہونے میں صرف ایک ہفتہ باقی تھا، لیکن تقدیر نے انہیں امتحان میں شرکت کا موقع نہ دیا۔اسکول کے صدر مدرس اور اساتذہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نصرت ایک ذہین اور محنتی طالبہ تھیں اور اساتذہ کو امید تھی کہ وہ اسکول میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نصرت تمام مضامین میں اچھی کارکردگی دکھاتی تھیں اور ایک باصلاحیت طالبہ کے طور پر جانی جاتی تھیں۔مرحومہ اپنے والد بادشاہ صاحب کی بڑی صاحبزادی تھیں۔ رمضان المبارک میں روزے کی حالت میں ان کے انتقال پر خاندان کے افراد، اسکول کے طلبہ و طالبات اور شہر کے عوام نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
Post a Comment