Mass Eid Gathering Witnessed in Sidlaghatta پُرامن ماحول میں عیدالفطر منائی گئی

سدلگٹہ میں عیدالفطر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ہزاروں افراد کی نمازِ عید میں شرکت، عوامی نمائندے بھی شریک

سدلگٹہ، 22 مارچ (یم اے تمیم پاشاہ)

شہر سدلگٹہ میں عیدالفطر کا تہوار امن، ہم آہنگی اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا، جہاں ہزاروں مسلمانوں نے اجتماعی طور پر نمازِ عید ادا کی اور خوشیوں کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر تاریخی جامع مسجد سے حسبِ روایت ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں روزہ دار مسلمان تکبیرات کی صداؤں کے ساتھ شریک ہوئے۔ یہ جلوس شہر کی اہم سڑکوں سے گزرتا ہوا مضافاتی علاقے میں واقع میلاد باغ عیدگاہ میدان پہنچا، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے اجتماعی نمازِ عیدالفطر ادا کی۔نماز سے قبل جامع مسجد کے علماء نے رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر، تقویٰ اور عبادت کے ذریعے انسان کی اصلاح کا ذریعہ ہے، جسے عید کے بعد بھی جاری رکھنا ضروری ہے۔اس موقع پر مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ سری وینکٹیشورا کالج آف انجینئرنگ کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر ششیدھر منیپا، کانگریس رہنما آنجنپا پٹو اور اے بی ڈی کے صدر راجیو گوڈا نے اپنے پیغامات کے ذریعے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔رکنِ اسمبلی جناب روی کمار اور تحصیلدار جناب گگن سندھو بھی میلاد باغ عیدگاہ میدان پہنچے اور مسلم برادری کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر جامع مسجد کے صدر ایچ ایس رفیق احمد، سکریٹری بی عبدالسلام اور دیگر کمیٹی اراکین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار اور شال پیش کر کے عزت افزائی کی۔عید کے موقع پر سماجی خدمت کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جہاں راجیو گوڈا کی جانب سے مسلم برادری میں پینے کا پانی اور چھاچھ تقسیم کی گئی، جسے عوام نے سراہا۔اجتماعی نماز سے قبل مسلمانوں نے صدقہ، زکوٰۃ اور فطرہ ادا کیا، جبکہ نماز کے بعد لوگ اپنے مرحومین کی قبروں پر گئے اور ان کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔مجموعی طور پر سدلگٹہ میں عیدالفطر کا تہوار پُرامن ماحول، بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا، جہاں ہر طرف خوشی اور مسرت کا سماں دیکھنے کو ملا۔

0/Post a Comment/Comments