بیدر کی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپے کے منصوبے پر تیز رفتار عمل کا حکم
ڈاکٹر یتیندر سدارامیا کی بنیادی سہولتوں، صفائی اور شہری خدمات بہتر بنانے کی ہدایت
بیدر، 5 اگست (حقیقت ٹائمز)
وزیر شہری ترقیات ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت بیدر شہر کی ہمہ جہت ترقی، شہریوں کو معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انتظامی شفافیت کے لیے پوری طرح پابندِ عہد ہے۔وہ ضلع پنچایت احاطے میں بیدر میونسپل کارپوریشن اور شہری ترقیاتی اتھارٹی کی ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اظہارِ خیال کر رہے تھے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ میونسپل کارپوریشن میں صفائی عملے کی خالی آسامیوں کو جلد از جلد پُر کیا جائے، موجودہ صفائی کارکنوں کو ضروری تربیت فراہم کی جائے اور ان کی تمام بنیادی ضروریات کو بلا تاخیر پورا کیا جائے۔وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے تمام زیر التوا ترقیاتی کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔ اگر یو آئی ڈی ایف منصوبے کے تحت 45 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ منصوبے موجودہ بجٹ میں مکمل کرنا ممکن نہ ہو تو فوری طور پر نظرِ ثانی شدہ تخمینہ تیار کرکے حکومت کو ارسال کیا جائے۔انہوں نے ہدایت دی کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2056 تک متوقع آبادی اور پانی کی طلب کے مطابق جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس تعمیر کیے جائیں اور شہر میں زیرِ زمین نکاسیٔ آب کا منصوبہ صد فیصد مکمل کیا جائے۔

ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے کہا کہ شہر میں تعمیر ہونے والے تمام تجارتی مراکز میں مناسب پارکنگ کی سہولت لازمی فراہم کی جائے۔ سڑک کنارے کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں کے لیے الگ مارکیٹ قائم کی جائے، جبکہ بیدری فن کے فروغ کے لیے خصوصی صنعتی مرکز قائم کرنے کے امکانات پر بھی کام کیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شہر کی ہر جائیداد کی جی پی ایس میپنگ مکمل کی جائے اور شہریوں کو بغیر کسی دفتری دشواری کے بروقت ای۔کھاتہ فراہم کیا جائے۔ بغیر تجارتی لائسنس کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔وزیر نے شہر میں صفائی کے مؤثر نظام کے لیے فوری طور پر ویسٹ پروسیسنگ یونٹ قائم کرنے، کچرا الگ کرنے والی مشینیں خریدنے، عوامی بیت الخلاؤں کو بہترین حالت میں برقرار رکھنے اور صفائی و کچرا انتظام سے متعلق عوامی بیداری مہم کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے بیدر میونسپل کارپوریشن کی مجموعی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ اس رقم کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہر کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جامع عملی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ بیدر کی مجموعی تصویر تبدیل کی جا سکے۔اجلاس میں رکنِ اسمبلی رحیم خان، بیدر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر مکل جین اور مختلف محکموں کے ضلعی سطح کے سینئر افسران موجود تھے۔
Post a Comment