Yaran-e-Adab Bidar Supports Urdu School Students with Learning Materials یارانِ ادب بیدر کا طلبہ کے لیے تعلیمی معاونت کا اقدام

یارانِ ادب بیدر کی تعلیمی خدمت، اردو اسکولوں کے طلبہ میں اشیاء تقسیم

گولہ خانہ اور سی آر ایس اسکولوں میں طلبہ کی حوصلہ افزائی، اساتذہ کی خدمات کو سراہا گیا

بیدر، 4 اگست (حقیقت ٹائمز)

 سماجی و ادبی تنظیم یارانِ ادب بیدر کے زیر اہتمام منگل کے روز سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول گولہ خانہ اور سی آر ایس اردو پرائمری اسکول کے طلبہ میں نوٹ بکس، بستے، پانی کی بوتلیں، قلم، پنسل، کاپی کور اور دیگر تعلیمی اشیاء تقسیم کی گئیں۔سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول گولہ خانہ میں منعقدہ تقریب کی صدارت صدر مدرس منصور شاہ نے کی، جبکہ دفتر بلاک تعلیمی افسر کے تعلیمی رابطہ افسر حیدر علی سوداگر مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر وظیفہ یاب صدر مدرس عبدالسلیم اسد اور یارانِ ادب بیدر کے سکریٹری محمد یوسف رحیم میر بیدری بھی موجود تھے۔مقررین نے طلبہ کو باقاعدگی سے اسکول آنے اور دلجمعی سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اردو اسکولوں کے طلبہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ فراہم کی جانے والی تعلیمی اشیاء سے بھرپور استفادہ کریں۔ اس موقع پر محمد یوسف رحیم میر بیدری نے بچوں کے لیے اپنا تخلیق کردہ کلام بھی پیش کیا، جسے طلبہ نے خوب سراہا۔تقریب میں مہمانوں کی شال پوشی اور گل پوشی صدر مدرس منصور شاہ کے ہاتھوں عمل میں آئی، جبکہ معلمات فریدہ بیگم اور مہر النساء بیگم بھی موجود تھیں۔بعد ازاں سی آر ایس اردو پرائمری اسکول میں ترقی یافتہ صدر مدرس محمد فصیح الدین کی زیر صدارت دوسری تقریب منعقد ہوئی، جہاں بھی مذکورہ مہمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر حیدر علی سوداگر نے کہا کہ اسکول میں داخلوں کے فروغ کے لیے اساتذہ قابلِ ستائش محنت کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ طلبہ کی حاضری بھی بہتر ہوگی۔وظیفہ یاب صدر مدرس عبدالسلیم اسد نے اس موقع پر اسکول میں کنڑ زبان کے استاد کی کمی کی جانب توجہ دلائی۔ اس پر حیدر علی سوداگر نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول کو نہ صرف ایک بلکہ ضرورت کے مطابق مزید اساتذہ فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنے کے ساتھ انہیں معیاری تعلیم فراہم کریں تاکہ وہ زندگی بھر اپنے اساتذہ کو یاد رکھیں۔محمد یوسف رحیم میر بیدری نے یہاں بھی خطاب کیا اور بچوں کے لیے اپنا منظوم کلام پیش کیا، جسے طلبہ نے بھرپور دلچسپی سے سنا۔اس موقع پر صدر مدرس محمد فصیح الدین نے مہمانوں کی شال پوشی اور گل پوشی کی۔ تقریب میں معلمات نیلوفر، عمرانہ بیگم اور بی ایل او عفیف سلمیٰ بھی موجود تھیں۔ حیدر علی سوداگر نے محمد فصیح الدین کو ترقی پانے پر مبارکباد بھی پیش کی۔دونوں اسکولوں میں تعلیمی اشیاء کی تقسیم کے علاوہ عبدالسلیم اسد کی جانب سے طلبہ سے تعلیمی سوالات بھی پوچھے گئے، جن کے درست جوابات دینے والے طلبہ میں انعام کے طور پر چاکلیٹ تقسیم کی گئیں۔

0/Post a Comment/Comments