کرناٹک ایس آئی آر: تقریباً بیس فیصد ووٹروں کے نام حذف ہونے کا امکان
ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد اندراجات مشتبہ زمروں میں شامل، حتمی فیصلہ تصدیق کے بعد ہوگا
بنگلورو، 5 اگست (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی جانب سے جاری تازہ یومیہ رپورٹ کے مطابق ریاست میں جاری خصوصی انتخابی نظرِ ثانی (SIR) کے دوران ایک کروڑ 10 لاکھ 97 ہزار 426 ووٹروں (20.02 فیصد) کو ASDDO زمرے میں نشان زد کیا گیا ہے، جن کے نام حتمی جانچ، تصدیق اور قانونی کارروائی کے بعد انتخابی فہرست سے حذف کیے جا سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 16 جون 2026 تک ریاست میں کل 5 کروڑ 54 لاکھ 32 ہزار 314 رجسٹرڈ ووٹر موجود تھے۔ تمام انتخابی فارم (EF) تقسیم کیے جا چکے ہیں اور اب تک 99.97 فیصد فارموں کی مجموعی ڈیجیٹل جانچ مکمل ہو چکی ہے، جبکہ عام ووٹر فارموں کی 79.95 فیصد ڈیجیٹل اندراج کی کارروائی مکمل کی جا چکی ہے۔اس زمرے میں شامل ووٹروں کی درجہ بندی کے مطابق:66 لاکھ 2 ہزار 257 ووٹر مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں۔16 لاکھ 31 ہزار 245 ووٹروں کے فوت ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے۔16 لاکھ 27 ہزار 642 ووٹر ناقابلِ سراغ یا غیر حاضر پائے گئے ہیں۔6 لاکھ 90 ہزار 581 ووٹر پہلے ہی کسی دوسری جگہ درج ہیں۔4 لاکھ 85 ہزار 701 ووٹر دیگر وجوہات کی بنا پر اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ASDDO میں شامل ہونا نام کی فوری حذفی نہیں ہے۔ اگر کسی ووٹر کا نام غلطی سے اس زمرے میں درج ہو گیا ہو تو وہ 8 اگست 2026 تک متعلقہ بی ایل او یا الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر سے رابطہ کرکے اپنے اندراج کو درست کرا سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 17 ہزار 625 فارم ابھی ڈیجیٹل اندراج کے مرحلے میں باقی ہیں، جبکہ 6 لاکھ 91 ہزار 174 فارم آن لائن جمع کرائے گئے ہیں۔اسی دوران 16 جون سے 4 اگست 2026 تک موصول ہونے والی درخواستوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں:فارم 6 (نئے ووٹر): 3,72,201 ,فارم 6A (این آر آئی ووٹر): 3,207 ,فارم 7 (نام حذف کرنے کی درخواست):30,952,فارم 8 (درستگی و تبدیلی): 8,13,952اس طرح مختلف زمروں میں موصول ہونے والی درخواستوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 20 ہزار 312 رہی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام اہل نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مطلوبہ دستاویزات اور اعلانیہ فارم کے ساتھ فارم 6 جمع کرا کے اپنا نام انتخابی فہرست میں درج کرائیں۔الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا کہ بی بی ایم پی اور گریٹر بنگلورو علاقوں میں نئے ووٹروں کے اندراج کے لیے 10 لاکھ فارم 6 پہلے ہی شائع کرکے متعلقہ انتخابی عملے کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔
Post a Comment