کے ایم ڈی سی کی او ٹی ایس اسکیم میں 31 اگست تک توسیع
سود معافی سے فائدہ اٹھانے کے لیے اہل قرض داروں کو فوری درخواست کی اپیل
کولار، 4 اگست (شبیر احمد)
کرناٹک اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن (کے ایم ڈی سی) کی مختلف قرض اسکیموں سے مستفید ہونے والے اہل قرض داروں کے لیے نافذ ون ٹائم سیٹلمنٹ (او ٹی ایس) اسکیم کی مدت میں ریاستی حکومت نے 31 اگست 2026 تک توسیع کر دی ہے، جس سے بقایا سود کی مکمل معافی حاصل کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے۔اس اسکیم کے تحت 2013-14 سے 2018-19 کے درمیان کے ایم ڈی سی کی مختلف اسکیموں کے ذریعے قرض حاصل کرنے والے ایسے مستفیدین، جنہوں نے قرض کی اصل رقم مکمل طور پر ادا کر دی ہے، انہیں بقایا سود سے مکمل چھوٹ دی جائے گی۔ اس سے قبل اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر تھی، تاہم اب حکومت نے اسے مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا دیا ہے۔یہ فیصلہ کے ایم ڈی سی کے 182ویں بورڈ آف ڈائریکٹرس کے اجلاس میں اسکیم کو جاری رکھنے کی سفارش کے بعد کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے یکم اگست کو حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اسکیم کی مدت یکم اگست سے 31 اگست 2026 تک بڑھانے کا اعلان کیا۔اس سلسلے میں ضلعی منیجر شیرین تاج نے ضلع کے تمام اہل مستفیدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013-14 سے 2018-19 کے دوران قرض حاصل کرنے والے اور اصل رقم مکمل طور پر ادا کر چکے مستفیدین مقررہ مدت کے اندر کے ایم ڈی سی کے ضلعی دفتر سے رابطہ کریں، ضروری دستاویزات جمع کرائیں اور سود معافی کی سہولت حاصل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ او ٹی ایس اسکیم کی مدت میں توسیع سے بڑی تعداد میں اہل مستفیدین کو بقایا سود کے بوجھ سے نجات ملے گی۔ اس لیے تمام مستحق افراد 31 اگست 2026 سے قبل درخواست جمع کرا کے اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔
Post a Comment