ایس آئی آر کے خلاف کرناٹک میں بڑا عوامی محاذ
ریاست گیر یاترا اور بنگلورو میں عظیم احتجاجی کنونشن کا اعلان
بنگلورو، 11 جون (حقیقت ٹائمز)
ایس آئی آر (خصوصی نظرثانی برائے ووٹر فہرست) کے خلاف قائم سیکولر سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم "ایس آئی آر مخالف اتحاد کرناٹک" اور "ایددیلو کرناٹک" نے ریاست بھر میں عوامی بیداری مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے آئینی حق کو کمزور کرنے والی کسی بھی کوشش کو کرناٹک کے عوام ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے عطا کردہ آئین ہند نے ہر شہری کو مساوی حقِ رائے دہی فراہم کی ہے اور اس حق کا تحفظ الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ موجودہ انتخابی عمل میں ایس آئی آر کے نام پر ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو عام شہریوں، خصوصاً غریب اور پسماندہ طبقات کے ووٹ کے حق کو متاثر کر سکتے ہیں۔بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایس آئی آر کا موجودہ طریقۂ کار عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والا ہے اور اس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اہل ووٹرز انتخابی فہرستوں سے خارج ہو سکتے ہیں۔ اتحاد نے اس عمل کو جمہوری اقدار اور آئینی روح کے منافی قرار دیتے ہوئے اس پر شدید اعتراض کیا۔
ریاست گیر بیداری یاترا
اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ 13 جون سے 18 جون تک "یہ کرناٹک ہے، یہاں کوئی بھی غیر جمہوری کھیل نہیں چلے گا" کے نعرے کے تحت ریاست گیر عوامی بیداری یاترا نکالی جائے گی۔یہ یاترا پانچ مختلف روٹس پر منعقد ہوگی جس میں پہلا روٹ: بیدر، کلبرگی، یادگیر، رائچور، بلاری، وجئے نگر اور کوپل۔دوسرا روٹ: وجئے پورہ، باگلکوٹ، بیلگاوی، دھارواڑ، گدگ اور ہاویری۔تیسرا روٹ: اتر کنڑا، چکمگلورو، ہاسن، شیموگہ، داونگیرے اور چتردرگہ۔چوتھا روٹ: ٹمکور، چکبالاپور، کولار، بنگلورو رورل اور رام نگر۔پانچواں راستہ: اڈپی، دکشن کنڑا، کوڈگو، میسورو، چامراج نگر اور منڈیا۔
فریڈم پارک میں بڑا اجتماع
اتحاد نے مزید اعلان کیا کہ 20 جون کو بنگلورو کے فریڈم پارک پر ایک عظیم الشان احتجاجی و عوامی کنونشن منعقد کیا جائے گا، جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے نمائندے، سماجی کارکنان، دانشور، سیاسی رہنما اور عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔اتحاد نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ووٹر فہرستوں کی تیاری اور نظرثانی کے عمل میں مکمل شفافیت اختیار کی جائے، عوامی اعتراضات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے، اور شہریوں کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے۔بیان میں کہا گیا کہ ووٹ کا حق جمہوریت کی بنیاد ہے اور اسے محدود یا متاثر کرنے والی ہر کوشش کے خلاف عوامی سطح پر جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
Post a Comment