پولیو سے پاک بھارت کا عزم جاری، 28 جون کو ریاست بھر میں ویکسینیشن مہم
گھر گھر جا کر قطرے پلائے جائیں گے، مہاجر اور کچی آبادی کے بچوں پر خصوصی توجہ
بنگلورو، 10 جون (حقیقت ٹائمز)
محکمہ صحت و خاندانی بہبود حکومتِ کرناٹک نے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر میں 0 سے 5 سال عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے اتوار 28 جون 2026 کو قومی ٹیکہ کاری دن (پلس پولیو مہم) منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام اہل بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری رتوک پانڈے نے بتایا کہ اگرچہ ہندوستان گزشتہ 14 برسوں سے زائد عرصے سے پولیو سے پاک ملک ہے، تاہم دنیا کے بعض خطوں اور ہندوستان کے پڑوسی ممالک میں وائلڈ پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث احتیاطی اقدامات جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ ماہرین کی سفارشات کے مطابق اس سال بھی پلس پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28 جون کو پہلے مرحلے میں ریاست بھر کے پولیو بوتھس پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کے بعد اگلے دو تا تین دنوں کے دوران محکمہ صحت کے کارکنان گھر گھر جا کر ان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے جو کسی وجہ سے بوتھس تک نہیں پہنچ سکے۔محکمہ صحت کے مطابق مہاجر خاندانوں کے بچوں، زیادہ خطرے والے علاقوں میں رہنے والے بچوں اور شہری کچی آبادیوں میں مقیم بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین سے محروم نہ رہے۔محکمہ صحت نے اس بڑے عوامی صحت پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام سرکاری محکموں، اداروں اور میڈیا کے تعاون کی اپیل کی ہے۔ عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے معلوماتی، تعلیمی اور تشہیری سرگرمیاں چلائی جائیں گی، جبکہ ذرائع ابلاغ، آل انڈیا ریڈیو اور ایف ایم چینلز کے ذریعے بھی مہم کی تشہیر کی جائے گی۔محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں اور پولیو سے پاک بھارت کے عزم کو برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور تعاون دیں۔
Post a Comment