منصور علی خان کرناٹک سے راجیہ سبھا کے لیے بلا مقابلہ منتخب
سینئر کانگریس رہنما کے رحمان خان کے فرزند کی کامیابی پر مختلف حلقوں کی مبارکباد
بنگلورو، 11 جون (حقیقت ٹائمز)
ریاست کرناٹک سے راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں کانگریس کے تین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار پائے ہیں۔ کانگریس کے منتخب امیدواروں میں منصور علی خان بھی شامل ہیں، جن کے انتخاب پر کانگریس کارکنان، سماجی شخصیات اور مختلف فلاحی و ملی اداروں کے ذمہ داران نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔منصور علی خان سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس رہنما کے رحمان خان کے فرزند ہیں اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) میں سکریٹری کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے تنظیمی اور سیاسی سرگرمیوں میں متحرک رہے ہیں اور پارٹی کی مختلف مہمات میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق منصور علی خان نے حالیہ برسوں میں کانگریس تنظیم کے لیے مؤثر خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں مختلف ریاستوں میں پارٹی کی جانب سے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، جہاں انہوں نے تنظیمی امور کو مضبوط بنانے اور پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔کانگریس قیادت نے ان کی تنظیمی صلاحیتوں اور سیاسی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں راجیہ سبھا کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا، اور اب وہ بلا مقابلہ منتخب ہو کر پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں کرناٹک کی نمائندگی کریں گے۔ان کے انتخاب پر چکبالاپور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے سابق رکن اور سینئر صحافی تمیم پاشاہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصور علی خان پارلیمنٹ میں ریاست کے عوام کے مسائل کے ساتھ ساتھ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات سے متعلق معاملات کو مؤثر انداز میں اٹھائیں گے۔مبارکباد پیش کرنے والوں نے توقع ظاہر کی کہ منصور علی خان اپنی سیاسی بصیرت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف کرناٹک بلکہ ملک بھر میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز ثابت ہوں گے۔
Post a Comment