جرمنی میں طلائی تمغہ، منڈیا کے پنیت جے نے پھلوں کی کندہ کاری سے دنیا کو حیران کیا
وزیر یتیندر سدارامیا سے ملاقات، حکومتی سرپرستی کا یقین دلایا گیا
بنگلورو، 11 جون (حقیقت ٹائمز)
پھلوں اور سبزیوں پر آرائشی کندہ کاری (فروٹ اینڈ ویجیٹیبل کارونگ) کے منفرد فن میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ریاست کا نام روشن کرنے والے ضلع منڈیا کے نوجوان فنکار پنیت جے نے آج وزیر برائے شہری ترقیات ڈاکٹر یتیندر سدارامیا سے ملاقات کی اور اپنی تخلیق کردہ فنکارانہ پھلوں کی کندہ کاری کا ایک خوبصورت نمونہ انہیں بطور تحفہ پیش کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے پنیت جے کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پنیت نے جرمنی میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ "کولینری اولمپکس 2024" میں طلائی تمغہ حاصل کرکے نہ صرف کرناٹک بلکہ پورے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے، جو نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تقلید مثال ہے۔ ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے پنیت جے کی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں، انتھک محنت اور فن کے تئیں ان کی غیر متزلزل وابستگی کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان ریاست کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس منفرد اور نادر فن کے فروغ، تحفظ اور حوصلہ افزائی کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فن اور ہنر کی دنیا میں عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ مزید نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا عالمی سطح پر منوا سکیں۔
Post a Comment