International Workshop on Tech-Driven Voter Registration Held in Bengaluru بنگلورو میں ووٹر رجسٹریشن پر بین الاقوامی ورکشاپ، جدید ٹیکنالوجی زیرِ بحث

بنگلورو میں ٹیکنالوجی سے مربوط ووٹر رجسٹریشن پر بین الاقوامی ورکشاپ 

جدید ڈیجیٹل نظام سے انتخابی عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے پر عالمی ماہرین کا اتفاق

بنگلورو، 10 جون (حقیقت ٹائمز) 

 الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے، انڈین انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل مینجمنٹ ، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسی اینڈ الیکٹورل اسسٹنس اور دفترِ چیف الیکٹورل آفیسر، کرناٹک کے اشتراک سے بنگلورو کے دی کیپیٹل ہوٹل میں ’’ٹیکنالوجی سے مربوط ووٹر رجسٹریشن‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ورکشاپ کی صدارت چیف الیکٹورل آفیسر کرناٹک وی۔ انبو کمار نے کی۔ اس موقع پر انتخابی انتظامیہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ووٹر رجسٹریشن کے مؤثر نظام اور عالمی سطح پر اپنائے جانے والے جدید طریقۂ کار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ورکشاپ کے دوران ’’ٹیکنالوجی سے مربوط ووٹر رجسٹریشن‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں انتخابی انتظامیہ کے افسران، ٹیکنالوجی ماہرین اور مختلف بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں ووٹر رجسٹریشن کے نظام سے متعلق عالمی سطح کی بہترین روایات اور جدید ماڈلز پر مبنی جامع موضوعاتی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ورکشاپ میں مختلف ماہرین نے ووٹر رجسٹریشن کے متعدد جدید ماڈلز پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔آبادیاتی رجسٹریشن پر مبنی خودکار نظام کے موضوع پر سینئر آئی اے ایس افسران پی۔ ایس۔ وسترد، شُبھ کلیان، بھوبالن ٹی۔ اور راہول شندے نے معلومات فراہم کیں۔ہائبرڈ ڈیجیٹل اسسٹڈ رجسٹریشن سسٹمز کے موضوع پر بی۔ ایس۔ ہیرےمٹھ، جُبین موہاپاترا، ڈاکٹر آر۔ ایچ۔ گوڈر اور ڈاکٹر سنیہا سی۔ وی۔ نے اپنے خیالات پیش کیے۔بائیومیٹرک ووٹر رجسٹریشن سسٹمز کے موضوع پر پی۔ ایس۔ وسترد، شُبھ کلیان، کیرتنا ایچ۔ ایس۔ اور جیسمین جوزف نے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔اسی طرح ڈیجیٹل شناخت پر مبنی رجسٹریشن نظام کے موضوع پر بی۔ ایس۔ ہیرےمٹھ، رمیش کے۔ این۔، ڈاکٹر جیتامتر، ڈاکٹر این۔ مہنتیش، این۔ برجے اور شرت چندر دودواڑ نے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔مستقل کمپیوٹرائزڈ ووٹر رجسٹریشن نظام کے موضوع پر پی۔ ایس۔ وسترد، یشونت وی۔ گُرکر، ڈاکٹر مہیش بابو این۔ اور محمد روشن نے اپنے مقالات پیش کیے۔ورکشاپ کے اختتام پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف، آسان، مؤثر اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی مشاورت مستقبل میں انتخابی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

0/Post a Comment/Comments