ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کولار میں کانگریس کا زبردست احتجاج
بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے تک جدوجہد جاری رہے گی — ایم ایل سی انیل کمار
کولار، 10 جون (شبیر احمد)
مرکزی حکومت کی جانب سے ایل پی جی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی کی قیادت میں بدھ کے روز کولار شہر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) ایم۔ ایل۔ انیل کمار نے کی۔ضلع کانگریس دفتر کے سامنے جمع ہونے والے کانگریس قائدین اور کارکنان نے گیس سلنڈروں اور احتجاجی پلے کارڈز کے ساتھ مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین بیل گاڑی کے ساتھ جلوس کی شکل میں شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مکے سرکل پہنچے، جہاں انسانی زنجیر بنا کر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم۔ ایل۔ انیل کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو ’’اچھے دن‘‘ لانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج ملک کے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان چھو رہی ہیں، جس سے عام اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو گیس سبسڈی دینے کے وعدے بھی پورے نہیں کیے گئے اور آج گھریلو صارفین کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مرکزی حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو ضلع کے کانگریس ارکان اسمبلی کی قیادت میں مزید وسیع پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔انیل کمار نے دعویٰ کیا کہ یو پی اے دور حکومت میں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت تقریباً 400 تا 450 روپے تھی، جو اب ایک ہزار روپے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر عوامی زندگی اور معیشت پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے نوٹ بندی، منریگا اسکیم، خواتین ریزرویشن کے نفاذ میں تاخیر اور دیگر پالیسیوں پر بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے تک خاموش نہیں بیٹھے گی۔ایم ایل سی نے کسانوں کو کھاد کی قلت، مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی اور نیٹ (NEET) امتحان کے مبینہ پرچہ افشا معاملے پر بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طلبہ اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں ضلع کانگریس صدر لکشمی نارائن، کارگزار صدور اورباگلو سرینواس اور مکالا نارائن سوامی، ڈی سی سی بینک ڈائریکٹر خاجی کلّاہلی منی راجو، کومول ڈائریکٹرز چنجی مالے رمیش، کے۔ کے۔ منجوناتھ اور شمشیر، ضلع گارنٹی کمیٹی کے صدر وائی شیوکمار، ضلع نائب صدر ہدایت اللہ، سرینواس پور گارنٹی کمیٹی کے صدر منوہر، تعلقہ کانگریس صدر ویمگل منی اپّا، اورٹ آگرہارا چودا ریڈی، سید افسر، سید عفرید، ہیما مالنی، عبدالقیوم، حنیف، ظفراللہ خان، فیروز خان اور دیگر متعدد کانگریس قائدین و کارکنان شریک تھے۔مظاہرین نے مرکزی حکومت سے ایندھن کی قیمتوں میں فوری کمی اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل تک ان کی احتجاجی مہم جاری رہے گی۔
Post a Comment