سرینواس پور کے طالب علم محمد مایون کی سی بی ایس ای امتحان میں نمایاں کامیابی
نوّے فیصد سے زائد نمبرات کے ساتھ شاندار کارکردگی، تعلیمی حلقوں میں مسرت
سرینواس پور 26 اپریل (شبیر احمد)
دیہی علاقوں کے طلبہ بھی اعلیٰ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں، اس کا عملی ثبوت سرینواس پور کے ہونہار طالب علم محمد مایون نے پیش کیا ہے۔ مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (سی بی ایس ای) کے سال 2025 کے سیکنڈری امتحان میں انہوں نے 91.4 فیصد نمبرات حاصل کرکے ایک قابلِ ستائش کامیابی درج کی۔محمد مایون، جو مَینگو ویلی پبلک اسکول کے طالب علم ہیں، نے مجموعی طور پر 500 میں سے 457 نمبرات حاصل کیے، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ادارے کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ان کی اس کارکردگی سے تعلیمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔مضامین کے لحاظ سے محمد مایون نے انگریزی میں 92، ہندی میں 91، ریاضی میں 84، سائنس میں 92 اور سماجی علوم میں 89 نمبرات حاصل کیے، جبکہ اضافی مضمون انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 93 نمبر لے کر اپنی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اساتذہ کے مطابق اس کامیابی کے پیچھے مایون کی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور تعلیم کے تئیں سنجیدہ رویہ کارفرما ہے۔ اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی حوصلہ افزائی نے بھی اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔مایون کے والد کا نام محمد یونس اور والدہ کا نام شبریں تاج اے ایس ہے، جنہوں نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔اس شاندار کامیابی پر اساتذہ، دوست احباب اور مقامی افراد نے محمد مایون کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ مایون نے اپنے مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید محنت کرکے ریاستی اور قومی سطح پر اپنا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
Post a Comment