دھارواڑ قتل کیس کا فیصلہ، رکنِ اسمبلی ونئے کلکرنی سمیت 17 ملزمان کو عمر قید
عدالت نے قتل اور سازش کے الزامات ثابت قرار دیے، سی بی آئی تحقیقات کی بنیاد پر فیصلہ
بنگلورو 17 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ضلع دھارواڑ میں سنہ 2016 میں بی جے پی کے نوجوان رہنما یوگیش گوڑا کے قتل معاملے میں ایک خصوصی عدالت نے کانگریس کے رکنِ اسمبلی اور سابق وزیر ونئے کلکرنی سمیت 17 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق تمام مجرموں کو قتل اور مجرمانہ سازش کے الزام میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سخت سزا دی گئی۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ قتل منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا گیا تھا، جس میں سیاسی دشمنی بنیادی سبب تھی۔یہ واقعہ 2016 میں پیش آیا تھا، جب 26 سالہ یوگیش گوڑا، جو ضلع پنچایت کے رکن تھے، کو دھارواڑ میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے نے اُس وقت ریاست کی سیاست میں بڑا ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ قتل ایک منظم سازش کے تحت کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس معاملے کی تفتیش مرکزی تفتیشی بیورو کے حوالے کی گئی، جس نے تفصیلی تحقیقات کے بعد متعدد ملزمان کے خلاف فردِ جرم داخل کی۔ونئے کلکرنی، جو دھارواڑ حلقے سے منتخب رکن اسمبلی ہیں، کو اس معاملے میں مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔ طویل عدالتی کارروائی کے بعد عدالت نے بالآخر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اور دیگر ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی۔یہ فیصلہ کرناٹک کی سیاست میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے دور رس اثرات متوقع ہیں۔
Post a Comment