Muslim Students to Host Iftar at AMC Engineering College, Bengaluru اے ایم سی کالج بنگلور میں طلبہ کی دعوتِ افطار

اے ایم سی انجینئرنگ کالج بنگلور میں طلبہ کی جانب سے دعوتِ افطار

اسپیکر یو۔ ٹی۔ قادر کی شرکت متوقع، بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام

بنگلور 11 مارچ (حقیقت ٹائمز)

اے ایم سی انجینئرنگ کالج، بنرگھٹہ روڈ بنگلور میں زیرِ تعلیم مسلم طلبہ و طالبات کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر بروز جمعہ 13 مارچ 2026ء کو ایک پُروقار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں ریاستی اسمبلی کے اسپیکر جناب یو۔ ٹی۔ قادر مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے جبکہ بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن کے کوالٹی ہیڈ ڈاکٹر مسعود شریف مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔ تقریب کی صدارت اے ایم سی گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ڈاکٹر کے۔ آر۔ پرماہمسا کریں گے۔اے ایم سی انجینئرنگ کالج ریاستِ کرناٹک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ تقریباً 54 ایکڑ پر پھیلے اس وسیع کیمپس میں ملک و بیرونِ ملک سے آئے ہوئے مختلف مذاہب اور طبقات کے قریب چھ ہزار طلبہ و طالبات مختلف تعلیمی کورسز میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ادارے کی انتظامیہ نے ہمیشہ مذہبی و لسانی رواداری کو فروغ دیتے ہوئے ایک پُرسکون اور ہم آہنگ تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے۔کالج میں اس وقت تقریباً پانچ سو مسلم طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مسلم طلبہ کے لیے روزانہ نمازِ ظہر اور عصر کے علاوہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے بھی باقاعدہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ماہِ رمضان المبارک کے دوران کالج میں ہر سال دعوتِ افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل رہتا ہے۔ امسال بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مسلم طلبہ کی جانب سے افطار تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔کالج کے انتظامی افسر پروفیسر ایس۔ محمد رحمت الحق نے اس تقریب کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کی تقریبات تعلیمی اداروں میں باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

0/Post a Comment/Comments