سات اضلاع کے 500 تالابوں کی بحالی کے لیے عالمی بینک سے 150 کروڑ روپے کی امداد
بیدر کے 44 اور کلبرگی کے 49 تالاب بھی منصوبے میں شامل، گاد نکالنے اور بندوں و نہروں کی مرمت کا فیصلہ
بنگلورو / بیدر 23 ستمبر (جی چندراکانتھ)
بارش کی کمی کے باعث خشک ہونے والے بیدر ضلع کے 44 اور کلبرگی ضلع کے 49 تالابوں سمیت ریاست کے 7 اضلاع کے مجموعی طور پر 500 تالابوں کی بحالی کے لیے عالمی بینک کی جانب سے 150 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تفصیلی منصوبۂ عمل بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ یہ اطلاع دیہی ترقیات و پنچایت راج کے وزیر ایشور بی۔ کھنڈرے نے دی۔ریاست میں جاری خشک سالی کی صورتِ حال کے پیش نظر دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں وزیر نے کہا کہ بارش نہ ہونے کے سبب متعدد تالاب خشک ہوچکے ہیں، اس لیے تالابوں اور نہروں کی بحالی کے کام انجام دینے کے لیے موجودہ وقت موزوں ہے۔انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کی مالی اعانت سے متعلق منصوبے کے تحت 500 تالابوں سے گاد نکالنے، تالابوں کے بندوں کی مرمت اور انہیں بلند کرنے، تالابوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے اور نہروں کی مرمت جیسے کام انجام دیے جائیں گے۔ یہ کام متعلقہ ادارے کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔
ایشور کھنڈرے نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بحالی کے کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، تاکہ آئندہ خریف کے بعد ہونے والی بارشوں کے دوران تالابوں میں پانی جمع ہوسکے۔ انہوں نے ساتوں اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔منصوبے کے تحت بنگلورو دیہی ضلع کے 68، بنگلورو شہری ضلع کے 67، بیدر کے 44، چکبالاپور کے 90، کلبرگی کے 49، تمکورو کے 96 اور کولار کے 86 تالابوں کی بحالی کی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ کے سکریٹری سمیر شکلا سمیت اعلیٰ عہدیداران اور متعلقہ اضلاع کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے شرکت کی۔
Post a Comment