کرناٹک حکومت نے حجاب سے متعلق متنازع حکم واپس لیا
تعلیمی اداروں میں 2022 کا یونیفارم سرکلر منسوخ
بنگلورو، 13 مئی (حقیقت ٹائمز)
ریاست کی سدارامیا حکومت نے سابقہ بی جے پی حکومت کے دور میں سال 2022 میں جاری کیا گیا تعلیمی اداروں میں یونیفارم سے متعلق متنازع حکم واپس لے لیا ہے۔یہ حکم اُس وقت وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی قیادت والی حکومت نے جاری کیا تھا، جس کے تحت سرکاری تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اب موجودہ ریاستی حکومت نے اس حکم کو باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور یونیفارم کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے، بغیر کسی امتیاز کے آئینی اقدار کے مطابق محدود مذہبی اور روایتی علامات پہننے کی اجازت دینے کے مقصد سے 2022 کے حکم کو واپس لیا گیا ہے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے نئے رہنما خطوط جاری کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کے آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور تعلیمی نظم و ضبط کے درمیان متوازن ماحول قائم رکھا جا سکے۔
Post a Comment